شہر بھر کی سیکڑوں مساجد میں آج ہزاروں افراد اعتکاف میں بیٹھیں گے

معتکفین کے کوائف جمع کرلیے گئے،مساجد کے اطراف سیکیورٹی سخت،بڑے اجتماعات فیضان مدینہ،میمن مسجد،جناح مسجدودیگرمیں ہونگے

معتکفین کے کوائف جمع کرلیے گئے،مساجد کے اطراف سیکیورٹی سخت،بڑے اجتماعات فیضان مدینہ،میمن مسجد،جناح مسجدودیگرمیں ہونگے۔ فوٹو: فائل

شہر کی سیکڑوں مساجد میں ہزاروں افراد آج (بیسویں رمضان) سے اعتکاف میں بیٹھیں گے۔

مساجد میں معتکفین کیلیے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، مساجد کی انتظامیہ نے اعتکاف میں بیٹھنے والوں کے کوائف جمع کرلیے ہیں اور سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، شہر کی بیشتر مساجد میں معتکفین کو مساجد کی انتظامیہ اور مخیرحضرات کی جانب سے سحری اور افطاری فراہم کی جائے گی، ہر سال کی طرح اس سال بھی کراچی سمیت ملک بھر کے لاکھوں لوگ اللہ تعالیٰ کے مہمان بن جائیں گے، اعتکاف میں شرکت کیلیے لوگ 20 ویں رمضان کو عصر کے وقت مساجد میں داخل ہوں گے اور عیدالفطر کا چاند نظر آتے ہی اعتکاف ختم ہوجائے گا، شہر کی بڑی مساجد میں معتکفین کیلیے وسیع پیمانے پر انتظامات کیے گئے ہیں۔

کراچی میں اعتکاف کا سب سے بڑا اجتماع فیضان مدینہ پرانی سبزی منڈی میں ہوگا جہاں پاکستان سمیت دنیا بھر سے لوگ اعتکاف میں شرکت کریں گے، ہر سال ہزاروں افراد یہاں اعتکاف میں بیٹھتے ہیں، اعتکاف کے دیگر بڑے اجتماعات نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ، جناح مسجد برنس روڈ، رحمانیہ مسجد طارق روڈ، گلزار حبیب سولجربازار، میمن مسجد مصلح الدین گارڈن، کنزلاایمان مسجد گرومندر، بہار شریعت مسجد بہادرآباد، جامع مسجد آرام باغ، طوبیٰ مسجد ڈیفنس، سلطان مسجد ڈیفنس، مدنی مسجد عزیزآباد، جامع مسجد بنوری ٹاؤن اور دیگر مساجد میں ہوں گے۔




اجتماعات میں آئمہ و خطبا قرآن کی تفاسیر بیان کریں گے جبکہ ملک کی سلامتی و استحکام، دہشت گردی کے خاتمے اور امت مسلمہ کی سربلندی کیلیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی، آخری عشرے کی طاق راتوں میں مسلمان ساری رات اللہ کے حضور عبادات کرتے ہوئے اپنی حاجات و مناجات پیش کریں گے۔

شہر بھر میں اکیسویں شب رمضان سے محافل شبینہ منعقد ہوں گی جن سے علمائے کرام خطاب کریں گے،جماعت اہلسنّت کراچی کے تحت شہر بھر کی مساجد میں ہزاروں افراد اعتکاف کرینگے، شب بیداری کے اجتماعات میں سحری کا خصوصی انتظام کیا جائے گا جبکہ اکیس رمضان کو آئمہ خطبا خلیفہ رسول حضرت علیؓ کو خراج عقیدت پیش کر یں گے دریں اثنا شہر کی مساجد میں اعتکاف میں بیٹھنے والوں کے کوائف جمع کرلیے گئے ہیں، مساجد کی انتظامی کمیٹیوں نے اعتکاف میں بیٹھنے والے افراد سے شرائط و ضوابط پر مبنی مخصوص پرفارمے بھروالیے ہیں، اعتکاف میں بیٹھنے والے تمام افراد کے گھر کے پتے، فون نمبر اور ان کے شناختی کارڈ کی کاپیاں جمع کی گئی ہیں تاکہ اعتکاف کے دوران کسی بھی ممکنہ دہشت گردی کے واقعے سے بچا جاسکے، واضح رہے کہ کراچی میں مساجد کی تعداد 3 ہزار سے زائد ہے۔
Load Next Story