پولیس عذیر بلوچ اور ساتھیوں کی گرفتاری میں ناکام عدالت نے دوبارہ رپورٹ طلب کرلی

پولیس نے عدالت کو ملزمان کی روپوشی کا بتایا،چیف جسٹس نے عذیر بلوچ کی پریس کانفرنس کا نوٹس لیکر آئی جی سے جواب طلب۔۔۔


Staff Reporter July 30, 2013
رپورٹ کی طلبی پر عذیر کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا، پیر کی شام تک رپورٹ جمع نہیں کرائی گئی، عدالت کی رپورٹ جلد پیش کرنیکی ہدایت۔ فوٹو : فائل

پولیس کی جانب سے ارشد پپو قتل کیس میں ملوث ملزمان کی عدم گرفتاری اورکھلے عام پریس کانفرنس کے بارے میں رپورٹ سندھ ہائیکورٹ میں تاحال پیش نہیں کی جاسکی۔

سندھ ہائیکورٹ نے آئی جی سندھ کو یاددہانی کا نوٹس دوبارہ جاری کرتے ہوئے اس سلسلے میں رپورٹ جلد پیش کرنے کی ہدایت کی ہے، واضح رہے کہ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس مشیرعالم نے 25 جولائی کو اس ضمن میں آئی جی سندھ کورپورٹ داخل کرنے کی ہدایت کی تھی،چیف جسٹس مشیرعالم نے مقدمے کے مرکزی ملزم عذیر بلوچ اور دیگر کی جانب سے کھلے عام پریس کانفرنس کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کی تھی کہ بتایا جائے کہ عدالت کو مطلوب ملزمان کو پولیس گرفتار کرنے میں کیوں ناکام ہے۔



فاضل چیف جسٹس نے یہ رپورٹ پریس میں شائع ہونیوالی ان خبروںکی اشاعت کے بعد طلب کی ہے جن میں بتایا گیا ہے کہ اشتہاری ملزم عذیر بلوچ نے اسی روز پریس کانفرنس اور افطار پارٹی کا اہتمام کیا جس روز انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے انھیں ارشد پپو قتل کیس میں اشتہاری ملزم قراردیا، آئی جی سے جواب طلب کیا گیا ہے کہ منگل 23 جولائی کو انسپکٹر امین گجر نے عدالت میں ارشد پپو اور اسکے ساتھیوں کے قتل کے مقدمے میں رپورٹ پیش کی کہ مقدمے میں ملوث مفرور ملزمان عذیر بلوچ، حبیب بلوچ، نور محمد بابا لاڈلا، زاہد لاڈلا ،آصف کانا، فیصل پٹھان ، یاسر پٹھان، انسپکٹر جان خان نیازی اورجاوید بلوچ روپوش ہیں اور انکی گرفتاری ممکن نہیں،تاہم عدالت نے حکم دیا تھا کہ ضابطہ فوجداری کے تحت ملزمان کی گرفتاری کیلیے اخبارات میں اشتہارات چھپوائے جائیں اور انکی منقولہ وغیر منقولہ جائیدادیں ضبط کی جائیں۔

عدالت میں پولیس کی رپورٹ جمع ہونے کے بعد اسی شام عذیر بلوچ نے پریس کانفرنس کی اور افطار پارٹی کا اہتمام کیا تھا ،چیف جسٹس کی جانب سے رپورٹ طلب کرنے کے بعد پولیس نے ہفتہ27 جولائی کو لیاری میں عذیر بلوچ کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا تاہم اس حوالے سے پیر کی شام تک ہائیکورٹ میں رپورٹ پیش نہیں کی جاسکی تھی،عذیر بلوچ اور انکے ساتھیوں کیخلاف دوسرے دھڑے کے سربراہ ارشد پپو اسکے بھائی یاسر عرفات،10سالہ بیٹے اور ساتھی جمعہ شیر کے اغوا اور قتل کے الزامات میں عدالت عظمیٰ کے حکم پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں