پاکستان معاشی بحران سے کامیابی سے نکل رہا ہےوزیراعظم

جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں اور اپوزیشن کو گرفتاریوں پر جمہوریت یاد آ جاتی ہے، عمران خان


ویب ڈیسک February 20, 2019
پاکستان کو جلد ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان معاشی بحران سے کامیابی سے نکل رہا ہے اور پاکستان کو جلد ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پارلیمانی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان کامیاب رہا، پاکستان کامیابی کیساتھ معاشی بحران سے نکل رہا ہے اور پاکستان کو جلد ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے جب کہ پی ٹی آئی کی حکومت عام آدمی کی زندگی میں انقلاب لائے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ احتساب پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا، جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہے، اپوزیشن کو گرفتاریوں پر جمہوریت یاد آ جاتی ہے جب کہ حکومت کی کارکردگی کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں انسداد منی لانڈرنگ سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں وزیر قانون فروغ نسیم، معاون خصوصی برائے احتساب ارباب شہزاد اکبر شریک ہوئے اور سیکرٹری داخلہ نے وزیراعظم کو انسداد منی لانڈرنگ سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ منی لانڈرنگ ملک کے لیے شدید خطرہ ہے، منی لانڈرنگ میں ملوث افراد قوم کے مجرم ہیں، ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، منی لانڈرنگ ملک کیلئے سنجیدہ نوعیت کا خطرہ ہے ان کے خلاف سخت انتظامات کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو انسداد منی لانڈرنگ کے لیے کوششوں کو بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے انتہائی اقدامات کرنا ہوں گے، قوم کا پیسہ چوری کرکے بیرون ممالک ذاتی خزانے بھرنے کی روش سے نہ صرف ملک سنگین مالی صورتحال سے دوچار ہوا ہے بلکہ قوم کو قرضوں کی دلدل میں دھکیل دیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں