ممنون حسین ملک کے 12ویں صدر منتخب الیکشن کمیشن کا اعلان

ممنون حسین 432 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مد مقابل جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین احمد نے77 ووٹ حاصل کئے۔

ممنون حسین 9 ستمبر کو ملک کے آئندہ صدر کا حلف اٹھائیں گے۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخاب میں ممنون حسین کی کامیابی کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔

صدارتی انتخاب میں ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ فخر الدین جی ابراہیم نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ملک بھر میں صدارتی انتخاب میں ایک ہزار 124 ارکان پارلیمنٹ اہل قرار دیئے گئے تھے جن میں 887 نے حق رائے دہی استعمال کیا، 9 ووٹ مسترد ہوئے، صدارتی انتخاب میں ممنون حسین 432 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مد مقابل جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین احمد نے 77 ووٹ حاصل کئے۔


اس موقع پر چیف الیشن کمشنر نے کہا کہ ملک میں پہلی بار شفاف طریقے سے انتخابات ہوئے اور اس میں فوج نے مکمل تعاون کیا جس کے وہ شکر گزار ہیں، انتخابات کے بعد سیاسی جماعتیں آگے کی جانب دیکھیں اور عوام کو بہتر طرز حکمرانی دیں، انہوں نے کہا کہ ان کی رائے میں الیکشن کا بائیکاٹ کسی مسئلے کا حل نہیں ہر ایک کو اپنے اس حق کا استعمال بھر پور انداز میں کرنا چاہئے۔

اس سے قبل صدارتی انتخاب کے لئے سینیٹ ، قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے ارکان نے پولنگ میں حصہ لیا پولنگ کا عمل صبح 10 بجے شروع ہواجو سہ پہر 3 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔ ملک کے نئے صدر کے لئے مسلم لیگ (ن) کے صدارتی امیدوار ممنون حسین اور تحریک انصاف کے صدارتی امیدوار جسٹس( ر) وجیہہ الدین احمد کے درمیان ون ٹو ون مقابلہ تھا ، مسلم لیگ( ن) کے امیدوار کو ایم کیو ایم، جے یو آئی (ف)، مسلم لیگ (فنکشنل)، مسلم لیگ (ض)، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی، مجلس وحدت المسلمین اور آزاد اراکین جبکہ تحریک انصاف کے وجیہہ الدین احمد کو جماعت اسلامی، عوامی مسلم لیگ اور آل پاکستان مسلم لیگ کی حمایت حاصل تھی، اس کے علاوہ پیپلز پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی، مسلم لیگ(ق) اور بی این پی عوامی نے انتخابی عمل کا بائیکاٹ کررکھا تھا۔

واضح رہے کہ ملک کے موجودہ صدر آصف علی زرداری کی مدت 8 ستمبر کو ختم ہورہی ہے اور نئے صدر مملکت 9 ستمبر کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

Recommended Stories

Load Next Story