حکومت نے 30 دن كيلئے سونے كی درآمد پر پابندی عائد كردی

اجلاس میں بتايا گيا ہےكہ بعض لوگ ڈيوٹی فری سونا پاكستان درآمد كركے يہاں سے بھارت اسمگل كررہے ہيں۔


Numainda Express July 30, 2013
سونے كی ڈيوٹی فری امپورٹ ميں غير معمولی اضافہ خطرناک ہے۔ فوٹو: فائل

كابينہ كی اقتصادی رابطہ كميٹی (ای سی سی) نے 30 دن كيلئے سونے كی درآمد پر پابندی عائد كردی ہے۔

كابينہ كی اقتصادی رابطہ كميٹی كا اجلاس وفاقی وزير خزانہ سينٹر اسحاق ڈار كی زير صدارت منعقد ہوا، اجلاس ميں بتايا گيا ہے كہ جولائی تا جون 2013 كے دوران ڈيوٹی فری گولڈ درآمد كرنے كی اسكيموں كے تحت مجموعی طور پر92.97 ارب روپے كا سونا درآمد كيا گيا ہے جب كہ گذشتہ سال اسی عرصہ كے دوران انہيں اسكيموں كے تحت 19.132 ارب روپے ماليت كا سونا درآمد كيا گيا تھا اور سونے كی ڈيوٹی فری امپورٹ ميں غير معمولی اضافہ خطرناک ہے۔ اجلاس میں بتايا گيا ہےكہ بعض لوگ ڈيوٹی فری سونا پاكستان درآمد كركے يہاں سے بھارت اسمگل كررہے ہيں۔

اجلاس ميں بتايا گيا كہ وفاقی حكومت نے جيولری انڈسٹری كی سہولت كے لئے اور زيورات كی برآمدات كے فروغ كے لئے مختلف اسكيموں كے تحت جيولرز كو بغير كسٹمز ڈيوٹی كے سونا درآمد كرنے كی اجازت دے ركھی تھی ليكن ان اسكيموں كا بڑے پيمانے پر غلط استعمال ہورہا ہے جس کے باعث 30 دن کے لئے ڈيوٹی فری سونے كی درآمد پر پابندی عائد كرنے كی منظوری دی گئی ہے۔

ای سی سی نے وزارت تجارت كو ہدايت كی كہ جيولری كی صنعت سے وابستہ حقيقی برآمد كنندگان و تاجروں كو زيورات كی برآمدات کے لئے ڈيوٹی فری سونے كی درآمد كی اجازت دينے كے بارے ميں ميكنزم وضع كرے تاكہ ڈيوٹی فری سونا درآمد كرنے كی اسكيموں سے حقيقی تاجر و برآمد كنندگان فائدہ اٹھا سکیں۔ اجلاس میں بارٹر سسٹم كے تحت ايران كو 30 ہزار ميٹرک ٹن گندم برآمد كرنے كی منظوری دی گئی جب کہ يكم اكتوبر سے زندہ جانوروں كی برآمد پر بھی پابندی عائد كردی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں