لاہور قلندرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو شکست دیدی

لاہور قلندرز کے فخرزمان نے 63، ڈی ویلیئرز 52 اور ڈیوڈ ویزے 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔


ویب ڈیسک February 22, 2019
ملتان سلطانز کی جانب سے جنید خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو: پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ کے دسویں میچ میں لاہور قلندرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو شکست دے دی۔

شارجہ میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے دسویں میچ میں ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں رواں ایونٹ کا سب سے بڑا اسکور 200 رنز بنایا جس کے جواب میں لاہور قلندرز کے فخرزمان اور سہیل اختر نے اننگز کا آغاز کیا، 35 رنز کی شراکت قائم کرنے کے بعد سہیل 10 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔



فخرزمان نے سلمان بٹ کے ساتھ ملکر اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا اور وہ 35 گیندوں پر 63 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس میں 3 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے جب کہ سلمان بٹ 17 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے اور آغا سلمان بھی صرف 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، وکٹ کیپر بیٹسمین برنڈن ٹیلر پہلی ہی گیند پر انجرڈ ہوکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔



ایک موقع پر ڈیوڈ ویزے جنید خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے تھے لیکن وہ نوبال ہوگئی جس کے بعد ویزے کو دوبارہ بیٹنگ کا موقع ملا۔ اے بی ڈی ویلیئرز اور ڈیوڈ ویزے نے ذمہ دارنہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 96 رنز کی شراکت قائم کرکے لاہور قلندرز کو فتحیاب کروایا۔



لاہورقلندرز کو جیت کے لیے آخری اوور میں 9 اور آخری گیند پر3 رنز درکار تھے، ڈیوڈ ویزے نے ڈینئل کرسچن کو چھکا رسید کرکے میچ میں فتح حاصل کی۔ ڈیوڈ ویزے 20 گیندوں پر 37 اور اے بی ڈی ویلیئرز 29 گیندوں پر 52 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے جنید خان نے 3 اور محمد الیاس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، ملتان سلطانز کی جانب سے عمرصدیق اور جیمزونس نے ناقابل یقین 135 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی، اس دوران ونس نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔



جیمز ونس نے 41 گیندوں پر 84 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 6 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے، تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے کپتان شعیب ملک 10 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ عمر صدیق بھی 37 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس میں 2 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔



آندرے رسل بھی 7 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جب کہ ڈینیل کرسچن نے 21 رنز کی اننگز کھیلی۔ لاہور قلندرز کی جانب سے پی ایس ایل میں ڈیبیو کرنے والے سندیپ لیمی چین نے 3 جب کہ حارث رؤف اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں