اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو ہرا دیا

اسلام آباد یونائیٹڈ کے 159رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم 146 رنز پر ڈھیر ہوگئی


ویب ڈیسک February 22, 2019
میچ شارجہ میں کھیلا گیا، فوٹو: پی سی بی

پی ایس ایل کے گیارہویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 12 رنز سے ہرادیا۔

شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا 159 رنز کا ہدف پشاور زلمی کے لیے پہاڑ ثابت ہوا اور پوری ٹیم 146 رنز پر ڈھیر ہوگئی، یونائیٹڈ کی نپی تلی بولنگ کی بدولت زلمی کے بلے باز ابتدا سے ہی دباؤ کا شکار رہے اور وقفے قفے سے وکٹیں گنواتے رہے، پولارڈ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 22 گیندوں پر 51 رنز کی اننگز کھیلی تاہم ان کا لاٹھی چارج بھی ٹیم کے کام نہ آیا۔

پولارڈ کے سوا کوئی بیٹسمین زیادہ مزاحمت نہ کرسکا، کامران اکمل 7، امام الحق 18،ملان ایک، عمرامین 14، ڈاؤسن 21، سیمی 11، وہاب ریاض 20 اور عمید آصف صفر پر آؤٹ ہوئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کپتان محمد سمیع اور محمد موسیٰ نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ فہیم اشرف نے 2، پٹیل اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیتا اور فیلڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 158 رنز بنائے، این بیل نے سب سے زیادہ 54 رنز بنائے ،ان کی اننگز میں 6 چوکے بھی شامل تھے، رونکی نے 21،صاحبزادہ فرحان نے 15،حسین طلعت صفر،ڈیلپورٹ 29، آصف علی 13 ، شاداب خان 6 اور پٹیل 5 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

پشاور زلمی کے سب سے کامیاب بولر سمین گلُ رہے جنہوں نے 3 وکٹیں حاصل کی،حسن علی نے 2، جب کہ وہاب ریاض ،عمید آصف اور پولارڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

دونوں ٹیموں کا یہ ایونٹ میں اپنا چوتھا میچ تھا، دونوں ٹیموں نے 2،2 کامیابیاں سمیٹی ہیں اور دو میں انہیں ناکامی کا سامنا رہا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔