الطاف حسین کی ممنون کو مبارکبادصدر زرداری کو خراج تحسین

صدارتی الیکشن کا سہرا زرداری کے سر ہے، امید ہے ممنون عوام کیلیے کام کریں گے، قائد متحدہ


Express Desk July 31, 2013
صدارتی الیکشن کا سہرا زرداری کے سر ہے، امید ہے ممنون عوام کیلیے کام کریں گے، قائد متحدہ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پرامن صدارتی انتخاب کے انعقاد پر صدر زرداری اور صدارتی الیکشن جیتنے پر نومنتخب صدر ممنون حسین کو مبارکباد پیش کی ہے۔

الطاف حسین نے الیکشن کے جمہوری ماحول میں منعقد ہونے پر تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں خصوصاً صدر مملکت آصف علی زرداری کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں قائد متحدہ نے کہا کہ آئین و قانون کے تحت انتقال اقتدار کے سلسلے میں عام انتخابات کی طرح حالیہ صدارتی الیکشن کے انعقاد کا سہرا جہاں دیگر شخصیات اور قومی اداروں کو جاتا ہے، وہاں صدر آصف علی زرداری کے سر بھی ہے۔



انھوں نے کہا کہ صدر زرداری نے تمام تر دشواریوں اور مشکلات کے باوجود اپنی مدت جمہوری انداز میں مکمل کی اور اپنے ہی دور میں انتقال اقتدار کا مرحلہ مکمل کرکے ثابت کردیا کہ وہ پاکستانی تاریخ کے پہلے اور مکمل جمہوری صدر ہیں۔ دریں اثنا صدراتی انتخاب میں کامیابی پر الطاف حسین نے نومنتخب صدر ممنون حسین کو اپنی، ایم کیو ایم کے رہنماؤں اور کارکنوں کی جانب سے دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

الطاف حسین نے کہا کہ امید ہے نو منتخب صدر ممنون حسین قومی یکجہتی کے فروغ، جمہوریت کے استحکام، صوبوں کے درمیان بہتر تعلقات، معیشت کی بہتری ، دہشت گردی کے خاتمے اور لوڈشیڈنگ سمیت دیگر عوامی مسائل کے حل کیلیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔ الطاف حسین نے صدارتی انتخاب میں ن لیگ کے امیدوار کی کامیابی پر وزیر اعظم میاں نوازشریف، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، مسلم لیگ ن کے دیگر رہنماؤں، کارکنوں اور ملک بھر کے عوام کو بھی دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں