پنجاب میں نایاب جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے ہیلی کاپٹر کے استعمال کا فیصلہ

بٹیر کی کم ہوتی آبادی کے تحفظ کے لئے فوری اقدامات اٹھانے کی سفارش


February 23, 2019
سائبر کرائم وائلڈ لائف ایکٹ میں ترمیم کا بھی فیصلہ فوٹو: فائل 

محکمہ تحفظ جنگلی حیات پنجاب نے چولستان کے علاقے میں جنگلی حیات خصوصا کالا ہرن اور چنکارا ہرن کے تحفظ کے لئے ہیلی کاپٹر کے استعمال کا فیصلہ کیا ہے۔

محکمہ تحفظ جنگلی حیات پنجاب کے نئے اعزازی گیم وارڈن بدرمنیر کی سربراہی میں ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹرز محمد نعیم بھٹی، مدثر حسین سمیت وائلڈ لائف ماہرین اور افسران نے شرکت کی، اجلاس میں مختلف سفارشات تیار کی گئی ہیں جنہیں منظوری کے لیے پنجاب حکومت کو بھیجا جائے گا۔

اجلاس میں مرتب کی گئی سفارشات کے مطابق چولستان میں جنگلی حیات خصوصا کالا ہرن اور چنکارا ہرن کے تحفظ کے لئے ہیلی کاپٹر کے استعمال کئے جائیں گے، گیم ریزرو میں شکار کے اسپیشل پرمٹ کے حصول کے لیے واضح پالیسی مرتب کی جائے گی، بٹیر کی کم ہوتی آبادی کے تحفظ کے لئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ اس کی نسل کو بچایا جاسکے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سائبر کرائم وائلڈ لائف ایکٹ میں ترمیم کی جائے گی تاکہ وائلڈ لائف سائبر کرائم کو روکا جاسکے۔ سرکاری چڑیا گھروں اور بریڈنگ سینٹرز میں سر پلس جانوروں کی فروخت کے حوالے سے بھی واضح پالیسی تیار کی جائے گی۔ جانوروں اور پرندوں کی قدرتی آماج گاہوں کی بحالی اور تحفظ کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے جب کہ غیر قانونی شکار اور اسمگلنگ کی روک تھام میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے ملازمین کو انعامات بھی دیئے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔