شہباز شریف کےسوا کسی کو ڈیل یا ڈھیل کرتے نہیں دیکھا شیخ رشید

آصف زرداری کا تحریک چلانے والا فیوز گھوما ہوا ہے، شیخ رشید


ویب ڈیسک February 23, 2019
نریندر مودی آر ایس ایس کا دہشت گرد ہے، شیخ رشید فوٹو: فائل

لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کےسوا کسی کوڈیل یا ڈھیل کرتے نہیں دیکھا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے نے گزشتہ 4 ماہ کے دوران 2 ارب 40 کروڑ روپے کا منافع حاصل کیا ہے، ہم نے اپنے خرچے کم کرکے ریلوے کی آمدن میں اضافہ کریں گے، فریٹ ٹرین میں 5 بوگیوں کااضافہ کردیا ہے، ہم ملک بھر میں فریٹ ٹرین کا جال بچھانے کا فیصلہ کیا ہے، ریلوے کی تمام اراضی کو کمپیوٹرائزڈ کردیا ہے، اب عوام ریلوےاراضی کی تفصیلات موبائل فون پردیکھ سکیں گے، ہم نے 2 ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے، جناح ایکسپریس لاہور سے کراچی نان اسٹاپ چلے گی، جناح کے بعد سرسید ٹرین کو لائیں گے، وزیراعظم نے نئی پوسٹوں کے لئے بھرتی کی اجازت دے دی ہے۔

شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ میں عقل مندوں کا لیڈر ہوں اور بے وقوفوں کے لیڈر ضمانتوں پر ہیں، میں نے کہا تھا کہ شہباز شریف کے سوا کسی کو ڈیل یا ڈھیل کرتے نہیں دیکھا، شریف برادران اقتدار میں ہوتے ہیں تو سب اچھا ہوتا ہے، نواز شریف اقتدار سے اترتے ہی بیمار ہوجاتے ہیں، یہ ڈھونڈ کر ایسی بیماری نکالتے ہیں جس کا علاج برطانیہ میں ہی ہو، نوازشریف کو کھلی فضا چاہیے تو لال حویلی کی چھت کھلی ہے، آصف زرداری کا تحریک چلانے والا فیوز گھوما ہوا ہے حالانکہ آغا سراج درانی کی گرفتاری پر کسی مکھی نے بھی پر نہیں مارا۔ انہوں نے 40 سال سے ملک پر قبضہ کر رکھا ہے، والدین نے بچوں کو پتا چلنے ہی نہیں دیا ان کے نام پر کتنی حرام کی دولت ہے، ایک چاہتا ہے اس کا کیس لاہور میں لگے اور دوسرا چاہتا ہے اس کا کراچی میں کیس لگے۔ بلاول سے میری صلح ہوگئی ہے، اس نے معذرت کرلی ہے۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی رکنیت کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ میں پی اے سی کا رکن ہوں، میرا کیس تیار ہے جس دن میں چاہوں گا کمیٹی میں جاؤں گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ اخبارسے پتہ چلا کہ ایل این جی معاملے پر نیب نے مجھے طلب کیا ہے، نیب نے مجھے 27 فروری کو طلب کیا ہے،اس وقت میں پاکستان میں نہیں ہوں گا۔ وزیر ہونے کی حیثیت سے وزیر اعظم سے مشاورت کروں گا۔

پاک بھارت کشیدگی پر وفاقی وزیر نے کہا کہ نریندر مودی آر ایس ایس کا دہشت گرد ہے، اس کی وجہ سے کشمیر کا مسئلہ ایک بار پھر زندہ ہوگیا ہے وہ 4 ریاستوں میں الیکشن ہارنے کے بعد پاکستان سے پنگا لینے کی کوشش کررہا ہے، مودی نے جنگ کے لئے 70 فیصد تک حالات پیدا کیے ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے تینوں فوج کو تیار رہنے کی اجازت دے دی ہے، بھارت نے حملہ کیا تو تمام قرضے یک مشت چکادیں گے، پھر بھارت میں نہ چڑیا چہکے گی اور نا ہی مندروں میں گھنٹیاں بجیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں