بارشوں نے حب ڈیم کو تفریح گاہ میں تبدیل کردیا

شہریوں کے لئے حب ڈیم تفریحی مقام کی شکل اختیار کرگیا

حب ڈیم 24 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر محیط ہے فوٹو: ایکسپریس

بلوچستان میں چند روز قبل ہونے والی بارشوں نے جہاں طویل خشک سالی کا خاتمہ کردیا ہے وہیں کئی برسوں سے سوکھا حب ڈیم بھی تفریح گاہ میں تبدیل ہوگیا ہے۔

بلوچستان میں موجود حب ڈیم 24 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر محیط ہے ، یہ ڈیم کراچی کو پانی فراہم کرنے کا اہم مرکز ہے، کچھ عرصے قبل حب ڈیم سوکھا پڑا تھا، زمین خشک دکھائی دیتی تھی کہ لوگ اس ڈیم میں اتر جاتے ، چہل قدمی کیا کرتے تھے لیکن بلوچستان میں ہونے والی مسلسل بارشوں کے باعث جمعے کے روز تک ڈیم میں قابل استعمال پانی کی سطح 299 فٹ تک جا پہنچی، ایسا ایک ہی دن میں سردیوں کے موسم میں تقریبا 40 سال بعد دیکھنے میں آیا ہے۔



پانی کے ریلے حب ڈیم میں آنا شروع ہوئے تو کراچی اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے ڈیم کا رخ کیا اور ڈیم پکنک پوائنٹ میں تبدیل ہوگیا ہے۔ لوگ صبح سویرے فیملیز کے ہمراہ حب ڈیم پہنچتے ہیں اور خوبصورت مناظر سے لطف اندوز ہوتے ہیں ۔




شہریوں نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈیم میں پانی کی سطح میں اضافہ خوش آئند ہے اگر پانی کی منصفانہ تقسیم ہوئی تو کچھ ماہ کےلئے ہی سہی لیکن انہیں قلت آب کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، تفریحی مقامات کم ہونے کی وجہ سے ہم اپنی فیملیز کے ہمراہ حب ڈیم چلے آئے ہیں یہ ایک پر فضا مقام ہے یہاں آکر وقت گزرنے کا پتا ہی نہیں چلتا۔



دوسری جانب مانیٹرنگ سیکشن ہیڈ کے مطابق ڈیم میں سیلابی ریلے کی صورت میں داخل ہو نے والے پانی میں ہفتے کی دوپہر تک ٹہراؤ آیا ہے تاہم ڈیم کے بھر جانے کی صورت میں کراچی اور لسبیلہ کے علاقوں کو 7 ماہ تک پانی بلا ناغہ فراہم کیا جا سکے گا ۔
Load Next Story