جنگ مسلط کی تو بھارت کا انجام عبرتناک ہوگا ایم کیو ایم پاکستان

بھارت خود ساختہ حملوں کا الزام پاکستان پر نہ تھوپے، پوری قوم وطن کے دفاع کیلیے متحد ہے


Staff Reporter February 24, 2019
ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل، میئر وسیم اختر، رؤف صدیقی، کشور زہرا کا بھارتی جارحیت و جنگی جنون کیخلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب۔ فوٹو: پی پی آئی

ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل نے کہا ہے کہ بھارت نے جنگ مسلط کی تو اسے عبرتناک انجام سے دوچار ہونا پڑے گا۔

کنور نوید جمیل نے کراچی پریس کلب کے باہر بھارتی جارحیت اور جنگی جنون کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اندرونی مسائل کا الزام پاکستان پر نہ تھوپے، سب سے بڑی جمہوریت کا دعویٰ کرنے والا متعصب بھارت مذہبی بنیاد پر مسلمانوں کو شہید کر رہا ہے، منہ توڑ جواب دینے پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

مظاہرے میں بڑی تعداد میں خواتین اور مرد کارکنان نے شرکت کی، کنور نوید جمیل نے کہا کہ بانیان پاکستان کی اولادوں نے یہاں جمع ہو کر بھارت کو پیغام دے دیا ہے کہ پاکستانی قوم متحد اور بھارت کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے، پاکستان پرامن ملک ہے، بھارت خود ساختہ حملوں کا ڈرامہ پاکستان پر تھوپنے کی کوشش کرتا ہے حالانکہ یہ اس کے اندورنی مسائل کا نتیجہ ہے، کشمیریوں کے حقوق پر تو عشروں سے ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے، وہاں ہونے والے مظالم کا تو دنیا میں شور ہے، علیحدگی کی کئی تحریکیں چل رہی ہیں۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ اتنا بڑا مجمع ثابت کر ریا ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہے، ہم نے ملک بنایا تھا، بچانا بھی جانتے ہیں، انھوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت میں ہونے والے مظالم کا نوٹس لے۔

رؤف صدیقی نے کہا کہ جنگی جنون میں مبتلا مودی سرکار یہ سمجھ لے کہ اس خطے پر مسلمانوں نے ایک ہزار سال تک حکمرانی کی ہے، جنگیں اسلحے سے نہیں جذبوں سے جیتی جاتی ہیں اور بھارت کو پاکستانی فوج سے نہیں 22 کروڑ عوام سے لڑنا ہوگا۔

قومی اسمبلی اور ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی رکن کشور زہرا نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم وہ قوم ہیں جس نے انگریزوں سے پاکستان حاصل کیا تھا، ہم آج بھی اپنے وطن کے دفاع کیلیے ایک بار پھر جانیں قربان کرنے کیلیے تیار ہیں، مظاہرے کے شرکا نے متفقہ طور پر6 قراردادیں بھی منظور کیں۔

قبل ازیں مظاہر ے کا آغاز قومی ترانے سے کیا گیا، لہو گرماتے ملی نغموں میں بھارت کے خلاف شرکا کے نعرے گونجتے رہے، کارکنان نے بھارت کے خلاف پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جبکہ اطراف میں بھارتی جنگی جنون کے خلاف بینر بھی آویزاں کیے گئے تھے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔