پانی آنے کے بعد حب ڈیم پکنک پوائنٹ میں تبدیل ہوگیا

شہریوں کی بڑی تعداد پہنچنا شروع ہوگئی، کچھ تو مچھلیوں کا شکار بھی کرنے لگے


صبا ناز February 24, 2019
بلوچستان میں بارشوں کے باعث حب ڈیم بھرگیا،کراچی کو 7 ماہ تک پانی مل سکے گا۔ فوٹو: ایکسپریس

بلوچستان میں قائم حب ڈیم میں پانی آنے کے بعد ڈیم شکار گاہ اور تفریح گاہ میں تبدیل ہوگیا ہے جہاں لوگوں کی بڑی تعداد اپنی فیملیز کے ہمراہ پہنچ رہی ہے۔

بلوچستان میں موجود حب ڈیم کراچی کو پانی فراہم کرنے کا اہم مرکز ہے، کچھ عرصے قبل حب ڈیم سوکھا پڑا تھا، زمین خشک دکھائی دیتی تھی کہ لوگ اس ڈیم میں اتر جاتے، چہل قدمی کیا کرتے تھے لیکن بلوچستان میں مسلسل بارشوں کے باعث پانی کے ریلے حب ڈیم میں آنا شروع ہوئے تو کراچی اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے ڈیم کا رخ کیا اور ڈیم پکنک پوائنٹ میں تبدیل ہوگیا ہے۔

لوگ صبح سویرے فیملیز کے ہمراہ حب ڈیم پہنچے اور خوبصورت مناظر دیکھتے ہوئے کسی نے ناشتہ کیا تو کوئی کھانے کا سامان ساتھ لے آیا، خود کو تازہ دم کرنے کیلیے مچھلی کے شکار کے شوقین افراد بھی حب ڈیم پہنچے اور زیادہ سے زیادہ مچھلیاں پکڑٰنے کی کوشش کی، کسی نے دو، چار تو کسی نے نو کلوگرام تک مچھلیوں کو شکار کیا۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں ہونے والی بارشوں کے باعث کراچی کو پانی فراہم کرنے والا حب ڈیم بھر گیا ہے، اب کراچی کو 7 ماہ تک بلاناغہ پانی فراہم کیا جا سکے گا، بلوچستان میں ہونے والی حالیہ بارشوں کے نتیجے میں حب ڈیم میں پانی کی سطح ڈیڈ لیول سے اوپر آ گئی، حب ڈیم میں پانی کی سطح 299 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔

بلوچستان میں موجود حب ڈیم 24 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر محیط ہے، جہاں سے پمپنگ اسٹیشنز کے ذریعے کراچی کو پانی فراہم کیا جاتا ہے، جمعے کے روز تک پانی کی سطح میں 299 فٹ تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو ایک ہی دن میں سردیوں کے موسم میں تقریباً 40 سال بعد یہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

شہریوں نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈیم کا لیول بڑھنا ان کیلیے خوش آئند ہے، اگر پانی کی منصفانہ تقسیم ہوئی تو کچھ ماہ کیلیے ہی سہی لیکن انھیں قلت آب کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں