حسن بدر یواے ای سکواش سیریز

ماضی کی طرح اس بار بھی حسن بدر یو اے ای سکواش سیریز کا انعقاد دبئی میں ہوا۔


Mian Asghar Saleemi February 24, 2019
ماضی کی طرح اس بار بھی حسن بدر یو اے ای سکواش سیریز کا انعقاد دبئی میں ہوا۔ فوٹو: ایکسپریس

متحدہ عرب امارات میں سکواش کے فروغ کیلئے حسن بدر یو اے ای سکواش سیریز کے کردار سے انکار ممکن نہیں، اس ایونٹ کا انعقاد ہر سال باقاعدگی سے ہوتا ہے جس میں جونیئر سطح کے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد شریک ہوتی ہے۔

ماضی کی طرح اس بار بھی حسن بدر یو اے ای سکواش سیریز کا انعقاد دبئی میں ہوا جس میں 68 نوجوان کھلاڑیوں نے صلاحیتوں کے بھر پور جوہر دکھائے، یو اے ای سکواش ریکٹس ایسوسی ایشن اور النصرلیئرلینڈ کے زیر اہتمام ایونٹ کو فہیم خان اور نعیم خا ن نے آرگنائز کیا، ٹورنامنٹ میں ریفریز کے فرائض رضوان اللہ نے ادا کئے۔

ٹورنامنٹ کی فاتح فضا خان اور یوسف خان رہے، 10 سالہ فضا خان دبئی کے مقامی سکول میں طالب عالم ہیں، انہوں نے ایونٹ کے دوران 2طلائی میڈلز جیتے۔انہوں نے یو ایس جونیئر سکواش چیمپئن شپ 2018 میں یو اے ای کی نمائندگی بھی کی اور 124 کھلاڑیوں میں سے28 ویں پوزیشن حاصل کی۔

گرلز انڈر11 میں فضا خان نے مہر کو 11-5اور 11-8سے زیر کر کے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا، انڈر 13میں فضا خان ایک بار پھر فاتح رہیں، فائنل میں نوراللہ کو 11-8 اور11-9سے شکست کا سامنا رہا۔ بوائز انڈر 7 میں محمدیوسف خان نے ساحل گویندر کو 11-7 اور 11-3 سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ انڈر 9میں پرنشو کیشوارا نے ویلن پیس کو11-5 اور 11-9سے ہرا کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

انڈر11 مقابلوں میں روہن رائے نے احمد امجد کو سخت مقابلے میں 7-11، 11-6، 11-9 اور 11-9 سے زیر کر کے ٹائٹل اپنے نام کیا۔ انڈر 13مقابلوں کے فاتح جاپان کے نورومی کانو رہے، انہون نے دیوناش سہی کو 11-5، 11-9 اور 11-4 سے زیر کیا۔

اسی طرح انڈر 19 مقابلوں میں سامپوران بینر جی نے نوار ریحاوی کو11-5،11-3 اور 11-3سے ہرایا۔ اسی طرح ڈویژن تھری کے مقابلوں میں عدنان حسن نے نوار ریہاوی کو11-5، 11-3 اور 11-6 سے زیر کیا، ڈویژن ٹو میں احسان مالانی نے وشال وینکت کو 11-4، 11-8 اور 11-5سے ہرایا جبکہ ڈویژن ون میں راہول مہنانی نے سیمپوران بینر جی کو 11-6، 11-8 اور 11-5 سے ہرایا۔ سیر ڈویژن مقابلوں کے فاتح محمد وسیم رہے، انہوں نے رضوان اللہ کو11-8، 7-11، اور 11-3 سے زیر کیا۔

اختتامی تقریب میں النصر لیئر لینڈ آپریشن منیجر سی ٹی میتھیو نے حسن بدر مرحوم کی اہلیہ، صاحبزادے ایاد بدر اور ایڈیٹر سپورٹس ''ایکسپریس'' سلیم خالق کے ہمراہ انعامات تقسیم کئے۔

النصرلیئر لینڈ کے آپریشن منیجر سی ٹی میھتیو کے مطابق ہم یو اے ای میں گراس روٹ سطح پر سکواش کے کھیل کے فروغ کے لئے کوشاں ہیں اور مجھے پوری امید ہے کہ آنے والے چند برسوں میں فضا خان،یوسف خان، روہن رائے، وکرم وینکٹ اور سیمپوران بینر جی سمیت باصلاحیت پلیئرز اپنے کھیل سے دنیا بھر میں یو اے ای کا نام روشن کرتے نظر آئیں گے، سکواش سیریز میں شریک پلیئرز بھی مستقبل قریب میں عالمی سطح پر نام کمانے کے لئے پر عزم دکھائی دیئے۔

کھلاڑیوں کے مطابق حسن بدر سکواش سیریز کی وجہ سے ہمیں نہ صرف کھیلنے کے بھر پور مواقع میسر آئے ہیں بلکہ دنیا بھر کے پلیئرز کے ساتھ کھیلنے کی وجہ سے ہمارے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ہے، وہ وقت دور نہیں جب ہم اپنے کھیل کے ذریعے دنیا بھر میںاپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔