مقبوضہ کشمیر میں 3 کشمیری نوجوان شہید ڈی ایس پی ہلاک اور بھارتی میجر زخمی

حریت رہنماؤں نے بلا جواز چھاپے، گرفتاریوں اور آرٹیکل 35-اے ختم کرنے کی مذموم سازش کے خلاف ہڑتال کی اپیل کی تھی


ویب ڈیسک February 24, 2019
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی مزید نفری تعینات کردی گئی ہے۔ فوٹو : فائل

قابض بھارتی فوج نے 3 کشمیری نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کردیا جب کہ کشمیر پولیس کا ڈی ایس پی ہلاک اور ایک میجر شدید زخمی ہوا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع کلگام میں سرچ آپریشن کے دوران قابض بھارتی فوج نے 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا جب کہ کشمیر پولیس کے ڈی ایس پی امان ٹھاکر ہلاک اور بھارتی فوج کا ایک میجر بھی شدید زخمی ہوا ہے۔

دوسری جانب حریت رہنماؤں کی اپیل پر کشمیری عوام بھارتی جارحیت کے خلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال کر کے صدائے احتجاج بلند کر رہے ہیں۔ پوری وادی میں ہُو کا عالم ہے اور سڑکوں، مارکیٹوں اور گلیوں میں مکمل سناٹا ہے۔

حریت رہنماؤں نے پلوامہ حملے کے بعد بھارتی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بلاجواز چھاپے، گرفتاریاں، چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کرنے اور بھارتی آئین کے آرٹیکل 35-اے کو ختم کرنے کی مودی سرکار کی مذموم سازش کے خلاف پُر امن شٹرڈاؤن ہڑتال کی اپیل کی تھی۔

یہ خبر پڑھیں : حریت رہنما یاسین ملک اورامیرجماعت اسلامی سمیت 150 کشمیری گرفتار

اس موقع پر تمام تعلیم ادارے بند، کاروباری سرگرمیاں معطل اور ذرائع آمد و رفت ناپید ہیں جب کہ بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس اور موبائل نیٹ ورک بند کردیئےہیں، جگہ جگہ ناکے لگا کر شہریوں کو تلاشی کے نام بے عزت کیا جا رہا ہے۔ اہم شاہراؤں پر بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ 14 فروری کو ضلع پلوامہ میں بھارتی سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر خود کش کار بمبار حملے میں 44 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد بھارتی فوج نے چھاپوں کے نام پر چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں