کوٹری ٹریٹمنٹ پلانٹ 15اگست تک آپریشنل کیا جائے سیکریٹری ماحولیات

صنعتوںکا آبی فضلہ کے بی فیڈر میں ٹریٹ کرنے کے بعد بہایا جائے جس سے کینال اورکینجھر جھیل میں آبی آلودگی میں کمی ہوگی


Staff Reporter August 01, 2013
مذکورہ پلانٹ کو مقررہ مدت تک آپریشنل کیا جائے تاکہ کوٹری میں واقع صنعتوں کا آبی فضلہ کے بی فیڈر میں ٹریٹ کرنے کے بعد بہایا جائے۔

سیکریٹری محکمہ ماحولیات و متبادل توانائی ڈاکٹر ذوالفقار علی شلوانی نے سندھ انڈسٹریل ٹریڈنگ اسٹیٹ لمیٹڈ سے کہا ہے کہ حکومت سندھ کی مالی اعانت سے مکمل شدہ کوٹری صنعتی ایریا میں نصب کمبائنڈ ایفلیوئنٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ کو 15اگست تک آپریشنل کیا جائے۔

علاقے میں واقع صنعتوں سے نکلنے والے آلودہ پانی کے کلری باگہار ( کے بی ) فیڈر کینال میں براہ راست بہہ جانے کے دیرینہ مسئلے کا فوری طور پر خاتمہ کیا جائے ، مذکورہ کینال سے پانی کینجھر جھیل کے ذریعے کراچی کو فراہم کیا جاتا ہے، سیکریٹری ماحولیات کے دفتر میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مذکورہ پلانٹ کو مقررہ مدت تک آپریشنل کیا جائے تاکہ کوٹری میں واقع صنعتوں کا آبی فضلہ کے بی فیڈر میں ٹریٹ کرنے کے بعد بہایا جائے جس کے نتیجے میں مذکورہ کینال اورکینجھر جھیل میں آبی آلودگی میں واضح طور پرکمی واقع ہوگی، شہریوں کو آلودگی سے پاک پانی حاصل ہوسکے گا ،اجلاس میں ادارہ تحفظ ما حولیات کے اعلیٰ افسران کے علاوہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ، محکمہ آبپاشی حکومت سندھ اور ایم ڈی سا ئٹ لمیٹڈ کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔



اجلاس میں کوٹری کے رہائشی علاقوں سے نکلنے والے استعمال شدہ پانی کو بھی کوٹری کینال میں بہانے سے قبل اسے اچھی طرح ٹریٹ کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا اور اس ضمن میں سالانہ ترقیاتی منصوبے کے تحت اسکیم بنانے کی تاکید کی گئی،محکمہ آبپاشی حکومت سندھ سے کہا گیا کہ وہ ایسے اقدامات اُٹھائے جن کے باعث کوٹری کے گھریلو و صنعتی استعمال شدہ پانی کو آبپاشی کے لیے قطعاً استعمال نہ کیا جاسکے جبکہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے نما ئندگان کو کینجھر کے مقام پر پانی کی کوالٹی چیک کرنے کے لیے لیبارٹری قائم کرنے کی بھی تاکید کی گئی۔

واضح رہے کہ حکومتی سرپرستی میں لگایا جانے والا یہ ملک کا سب سے بڑا ٹریٹمنٹ پلانٹ ہے جس کی تعمیر و تنصیب کم سے کم عرصے میں یقینی بنا ئی گئی ہے،پلانٹ کی پی سی ون667 ملین روپے کی لاگت کے ساتھ اپریل 2010 میں منظور کی گئی تھی جس کی استعداد 2.5 ملین گیلن آلودہ پانی روزانہ ٹریٹ کرنے کی ہے، جون 2010 میں پلانٹ کی تعمیر وتنصیب کا ٹھیکہ اے آر اے جوائنٹ وینچر کو دیا گیا تھا جبکہ پلانٹ کی مشینری ترکی کی کمپنی آرٹم موہیندے سلک نے فراہم کی تھی ، پلانٹ کے آپریشنل ہونے کے بعد کوٹری انڈسٹریل ایریا میں چلنے والی 99 فیکٹریاں اپنا آلودہ پانی ٹریٹ کرنے کے بعد کے بی فیڈر کینال میں بہاسکیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں