اسکول فیس کم کرنے کے حکم پر عمل کیا جائے سندھ ہائیکورٹ

رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کردی، اسکول مالکان 10 فیصد تک فیس میں کمی کے لیے تیارہیں، وکیل نجی اسکول

فاؤنڈیشن پبلک اسکول نے اضافی فیس کاچالان جاری کردیا،وکیل والدین،چالان پر شو کازجاری ہونا چاہیے، جج۔ فوٹو: فائل

سندھ ہائی کورٹ نے اسکول فیسوں میں اضافے سے متعلق درخواست پر تمام اسکولوں کو فیس کٹوتی کے عدالتی حکم پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیدیا۔

جسٹس عقیل احمد عباسی، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس فیصل کمال عالم پر مشتمل 3رکنی بینچ کے روبرو اسکول فیسوں میں اضافے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس عقیل عباسی نے استفسار کیا کہ سپریم کورٹ میں اسکول فیس کے حوالے سے مزید کارروائی ہوئی؟

نجی اسکول کے وکیل نے موقف دیا کہ امکان ہے مارچ کے پہلے ہفتے میں سماعت ہوگی، عدالت نے استفسار کیا کہ سپریم کورٹ کے قائم کمیٹی نے اب تک کیا کام کیا ہے، والدین کے وکیل نے موقف اپنایا کہ والدین اور اسکول مالکان کا کئی معاملات پر اتفاق نہیں ہوسکا ہے، ابتدائی 5 ہزار روپے کوکٹوتی سے مستثنیٰ قرار دینے پر والدین کواعتراض ہے۔


نجی اسکول کے وکیل نے موقف دیا کہ فریقین کا 22 نکات پر اتفاق ہوچکا ہے، رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کی جاچکی ہے، اسکول مالکان 10 فیصد کمی کیلیے تیار ہیں، 20 فیصد مالکان کیلیے ناقابل برداشت ہے۔

والدین کے وکیل نے موقف دیا کہ فاؤنڈیشن پبلک اسکول نے فیس کم کرنے کے بجائے اضافہ کرکے چالان جاری کیا ہے، جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق آپ کی فیس 12665 روپے ہونی چاہیے، آپ نے چالان 15000 روپے کا جاری کیا ہے۔

دوسری جانب ایف پی ایس کے وکیل نے موقف دیا کہ جو چالان پیش کیا گیا ہے وہ ہم نے واپس لے لیا ہے، ہم نے فیس کم کرکے نظرثانی شدہ چالان جاری کیا ہے۔
Load Next Story