پی ایس ایل پاکستان میں میچز کے ٹکٹ پہلے روز ہی ناپید ہوگئے

500روپے میں مقابلہ دیکھنے کے خواہشمندبیشترشائقین کومایوسی کا سامنا


Sports Reporter February 26, 2019
500روپے میں مقابلہ دیکھنے کے خواہشمندبیشترشائقین کومایوسی کا سامنا۔ فوٹو : فائل

پی ایس ایل فور کے پاکستان میں میچ ٹکٹ پہلے روز ہی ناپید ہوگئے اور 500 روپے میں مقابلہ دیکھنے کے خواہشمند بیشتر شائقین کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔

پی ایس ایل فور کے پاکستان میں 8 میچز شیڈول ہیں، قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 9، 10 اور 12 مارچ جبکہ کراچی میں 7، 10، 13اور 15مارچ کو مقابلوں کے بعد فائنل 17تاریخ کوکھیلا جائے گا،ان مقابلوں کیلیے آن لائن ٹکٹوں کی فروخت پہلے ہی مکمل ہوچکی۔

گزشتہ روز کوریئر کمپنی کے کاوئنٹرز سے بھی فراہمی شروع ہوئی، کراچی اورلاہور میں مختلف مراکز پر شائقین کی لمبی قطاریں دیکھنے میں آئیں، ان میں سے کئی تو علی الصبح ہی پہنچ گئے تھے، اس بار ٹکٹوں کی قیمتیں کم رکھے جانے کی وجہ سے لوگوں میں جوش وخروش بھی بہت زیادہ دیکھنے میں آیا، البتہ500 روپے کا ٹکٹ خریدنے والوں میں سے بیشتر کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب ایک گھنٹہ بعد انھیں خالی ہاتھ لوٹنا پڑا، چند گھنٹے بعد ایک ہزار والے ٹکٹ بھی ناپید تھے، شام تک چند کاؤنٹرز پر صرف 3000والے ٹکٹ ہی دستیاب تھے۔

اس موقع پر مایوس واپس جانے کیلیے تیار چند شائقین نے ''ایکسپریس'' سے گفتگو میں اپنی بھڑاس نکالتے ہوئے الزام عائد کیا کہ متعلقہ لوگوں نے پورے ٹکٹ فروخت کیلیے نہیں رکھے اور بیشتر اپنوں کونوازنے کیلیے الگ کرلیے ہیں،کسی دوسرے کے شناختی کارڈ پر ٹکٹ حاصل کرنے کی کوشش کرنے والوں کو بھی ناکامی ہوئی کیونکہ خریدار کا خود کارڈ کے ساتھ موجود ہونا ضروری تھا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں