بھارتی جارحیت کا جواب اپنی مرضی کے مقام اور وقت پر دیں گے پاکستان

بھارت نے الیکشن میں فائدے کے لئے خطے کا امن داؤ پر لگا دیا، قومی سلامتی کمیٹی


ویب ڈیسک February 26, 2019
اجلاس میں بھارتی دراندازی کی بعد کی صورتحال پر جائزہ لیا جا رہاہے فوٹوفائل

قومی سلامتی کمیٹی نے کہا ہے کہ پاکستان بھارتی جارحیت کا جواب اپنی مرضی کے مقام اور وقت پر دے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بھارتی فضائیہ کی جانب سے گزشتہ رات لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی اور آزاد کشمیر میں دراندازی کے بعد صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے وزیر اعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر دفاع پرویز خٹک سمیت اعلیٰ سول و عسکری قیادت نے شرکت کی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: جوابی کارروائی پربھارتی طیارے بھاگ نکلے

اجلاس میں بھارتی دراندازی کی بعد کی صورتحال پر جائزہ لیے جانے کے ساتھ وزیراعظم کو تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ بھی دی گئی جب کہ عسکری قیادت نے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنی تیاریوں سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں بھارتی فضائی دراندازی کا معاملہ فوری طور پر عالمی سطح پر اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی معاملے کو عالمی سطح پر اٹھانے کے لیے رابطے کریں گے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کے لیے مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا۔

اجلاس کے بعد جاری کئے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے الیکشن میں فائدے کے لئے خطے کا امن داؤ پر لگا دیا، پاکستان بھارتی جارحیت کا جواب اپنی مرضی کے مقام اور وقت پر دے گا، بھارت کا تربیتی کیمپ کی تباہی اور ہلاکتوں کا دعویٰ غلط ہے، قومی اور بین الاقوامی میڈیا کو حملے کی جگہ کا دورہ کرایا جائے گا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: قوم کوگھبرانے کی ضرورت نہیں ہے محافظ جاگ رہے ہیں

واضح رہے کہ بھارتی فضائیہ کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آزاد کشمیر میں دراندازی کی کوشش کی گئی لیکن پاک فضائیہ کی بروقت اور موثر کارروائی کے نتیجے میں بھارتی فضائیہ کے طیارے دم دباکر بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔