سینیٹ اجلاس اسلامی تعاون تنظیم اجلاس میں بھارت کی شرکت پر تنقید

او آئی سی کے کسی رکن ملک نے بھارتی جارحیت کی مذمت نہیں کی، پھر کونسی دوستی اور کونسا بھائی چارہ، رضا ربانی


ویب ڈیسک February 26, 2019
بھارت خطے کا سب سے بڑا ناسور ہے، عتیق میر فوٹو: فائل

سینیٹ اجلاس کے دوران سیاسی جماعتوں کی جانب سے اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس میں بھارتی وزیر خارجہ کو شرکت کی دعوت پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

سینیٹ اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ آج کے واقعے کی جتنی مذمت کریں کم ہے ، بھارت نے پاکستان کی خودمختاری کو توڑا ہے، جس کا پاکستان منہ توڑ جواب دے گا، پاکستان کے مظلوم عوام اپنی افواج کے ساتھ اس نازک وقت پر کھڑے ہیں، ایوان کی دیواریں گواہ ہیں کہ خارجہ پالیسی پر ایوان کو اعتماد میں لینے کی صدائیں اٹھتی رہی، بہتر ہوتا کہ وزیر خارجہ پریس کانفرنس کے بجائے ایوان میں آکر فیصلوں کا اعلان کرتے تاکہ ان فیصلوں کے پیچھے ایوان کی منظوری ہوتی۔

رضا ربانی نے کہا کہ او آئی سی کے بانی رکن پر بھارت نے کھلم کھلا حملہ کیا ہے، او آئی سی کو چاہیے کہ وہ بھارت کو پاکستان پر حملے کی وجہ سے دعوت واپس لے،کسی بھی او آئی سی ملک نے بھارت کی جارحیت کو ابھی تک مذمت نہیں کی، پھر کونسی دوستی اور کونسا بھائی چارہ۔

ایم کیو ایم کے سینیٹر میاں عتیق شیخ کا کہنا تھا کہ ہم کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی دنیا کے سامنے لے کر آئے، مودی سرکار کو منہ کی کھانی پڑی ہے، بھارت خطے کا سب سے بڑا ناسور ہے۔

سینیٹرخوش بخت شجاعت کا کہنا تھا کہ خوشی کی بات ہے کہ پوری قوم متحد ہے، پاکستان کا ہر فرد فوجی ہے، کل کے واقعے میں پاکستان کا نقصان نہیں ہوا، بھارت کو واپس بھاگنا پڑا۔ پاکستان امن کی بات کرتاہے، پاک بھارت جنگ کے اثرات پوری دنیا میں ہوں گے۔ دنیا بھر میں تعینات پاکستانی سفیر مودی کا مکروہ چہرہ بے نقاب کریں، او آئی سی میں بھارتی نمائندگی کیسے ہوسکتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں