ڈرون حملے نہیں بلکہ پاکستانیوں کو نشانہ بنانے والے خودمختاری کی خلاف ورزی کررہے ہیں جان کیری

ڈاکٹر عافیہ کی پاکستان کو حوالگی کے سلسلے میں کسی بھی قسم کی حکمت عملی یا بات چیت سے مکمل طور پر لاعلم ہوں، جان کیری


ویب ڈیسک August 01, 2013
شمالی وزیرستان میں آپریشن کا فیصلہ اے پی سی میں سیاسی قیادت سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا، سرتاج عزیز۔ فوٹو : رائٹرز

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ ڈرون حملے نہیں بلکہ پاکستانیوں کو نشانہ بنانے والے اس کی خودمختاری کی خلاف ورزی کر رہے ہیں جب کہ ڈرون حملے تو شفاف طریقے سے کئے جاتے ہیں،ایمن الظواہری پاکستان میں دہشت گردی کارروائیاں کر رہا ہے

اسلام آباد میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئےامریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا کہ دہشت گردی کے باعث پاکستان کی معیشت متاثر ہوئی، پاکستانی افواج دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑ رہی ہیں،دہشت گردی کے باعث پاکستان میں ہزاروں لوگوں نے جانوں کی قربانی دی، یہ بات انتہائی خوش آئند ہے کہ پاکستان جمہوریت کی راہ پر چل پڑا ہے، وہ ووٹ کے ذریعے پاکستان میں پر امن جمہوری اقدار پر عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں،امریکا ہاکستان کے عوام کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتا ہے اور دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان ملاقاتوں سے تعلقات میں بہتری آئے گی۔پاکستان اور امریکا مشترکہ مفادات کے تحت مل کر کام کریں گے اور اس کی راہ میں چھوٹی چھوٹی چیزوں کو رکاوٹ نہیں بننا چاہئے،پاکستان کے ساتھ توانائی، تعلیم اور تجارت کے شعبے میں بھی تعاون کریں گے، پاکستان اور امریکا اسٹریٹیجک تعلقات کی بحالی پر رضامند ہوگئے ہیں،اسٹریٹجک مذاکرات میں سرحد پار حملوں کی روک تھام کے لئے اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

جان کیری کا کہنا تھا کہ امریکا پرامن اور مستحکم افغانستان چاہتا ہےاس سلسلے میں امریکا افغانستان میں انسداد دہشت گردی اور افغان فورسز کی تربیت چاہتا ہے۔ پاکستان نے افغانستان میں قیام امن کے لئے تعاون کی یقین دہائی کرائی ہے جو کہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کی پاکستان کو حوالگی کے سلسلے میں وہ کسی بھی قسم کی حکمت عملی یا بات چیت سے مکمل طور پر لاعلم ہیں اور پاکستانی قیادت سے ان کی اس سلسلے میں کوئی بات بھی نہیں ہوئی۔

اس موقع پر سرتاج عزیر نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، جان کیری نے امریکی صدر کی طرف سے نوازشریف کو دورے کی دعوت دی ہے، حکومت نے جان کیری کو انسداد دہشت گردی پالیسی کی تشکیل کے سلسلے میں آگاہ کیا ہے اور اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا ہے کہ پاکستان اور امریکا دہشت گردی کے خلاف مل کر لڑتے رہیں گے،دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیرمیں امریکی تعاون پر شکر گزار ہیں، اس کے علاوہ امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر بھی ہے، مذاکرات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم کو 5 سال میں 11 ارب ڈالر تک پہنچانے پر اتفاق ہوا ہے اس سلسلے میں امریکا پاکستانی مصنوعات کو منڈیوں تک رسائی دے۔

مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری کے خلاف ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ڈرون حملے نقصان دہ ثابت ہو رہے ہیں۔ اس سلسلے میں امریکا سے مزید بات چیت کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2009 کے بعد قابائلی علاقوں کی 7 میں سے 6 ایجنسیوں میں آپریشن کیا گیا ، شمالی وزیرستان میں آپریشن کا فیصلہ اے پی سی میں سیاسی قیادت سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |