روس نے سی آئی کے سابق اہلکار ایڈورڈ اسنوڈن کو سیاسی پناہ دے دی

امید ہے کہ اسنوڈن کو سیاسی پناہ دینے کے بعد روس اور امریکا کے درمیان تعلقات خراب نہیں ہوں گے،مشیر روسی صدر

اسنوڈن نے روس کے علاوہ دنیا کے 20 ملکوں میں سیاسی پناہ کی درخواست دائر کی تھی۔ فوٹو : فائل

روس نے امریکا کے خفیہ نگرانی کے پروگرام کا راز افشا کرنے والے سابق سی آئی اے اہلکار ایڈورڈ اسنوڈن کو سیاسی پناہ دے دی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ا دارے سے بات کرتے ہوئے اسنوڈن کی وکیل اناطولی کچیرینا نے کہا کہ محکماتی کارروائی کے بعد روس نے ان کے موکل کو ایک برس کے لئے عبوری طور پر سیاسی پناہ دے دی ہے جس کے بعد اب اسنوڈن نے ماسکو ایئرپورٹ چھوڑ کر محفوظ مقام پر منتقل ہوگیا ہے۔


دوسری جانب روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے مشیر برائے امور خارجہ یوری یاشوکوف نے امید ظاہر کی ہے کہ اسنوڈن کو سیاسی پناہ دینے کے بعد روس اور امریکا کے درمیان تعلقات خراب نہیں ہوں گے۔

واضح رہے کہ ایڈورڈ اسنوڈن امریکا کے لئے دنیا میں سب سے بڑا مطلوب شخص ہے، وہ 23 جون کو ہانگ کانگ سے ماسکو ایئرپورٹ پہنچا تاہم اسے ملک میں داخل نہیں ہونے دیا گیا تھا۔ اسنوڈن نے روس کے علاوہ دنیا کے 20 ممالک میں سیاسی پناہ کی درخواست دائر کی تھی۔
Load Next Story