پاک بھارت کشیدگیوزیر خارجہ اور ترجمان پاک فوج کی پارلیمانی رہنماؤں کو بریفنگ

اجلاس میں آرمی چیف، وزیر خارجہ، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اور دیگر اپوزیشن رہنما شریک ہوئے


ویب ڈیسک February 27, 2019
اجلاس میں آرمی چیف، وزیر خارجہ، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اور دیگر اپوزیشن رہنما شریک ہیں ۔ فوٹو : فائل

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور پاک فوج نے بھارتی جارحیت کے خلاف کیے گئے اقدامات پر پارلیمانی رہنماؤں کو اعتماد میں لیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بھارتی جارحیت پر پارلیمانی رہنماؤں کا ان کیمرہ اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر شریک ہوئے۔

قائد حزب اختلاف شہبازشریف، شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف علی زرداری، دیگر اپوزیشن رہنماؤں کے علاوہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور اورسیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ بھی اجلاس میں شریک تھے۔

اعلامیہ

پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس پی آر اور وزیرخارجہ نے بھارتی جارحیت پر شرکا کو بریفنگ دی۔

پارلیمانی رہنماؤں کی جانب سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں ہم متحد ہیں، جنگ کوئی آپشن نہیں ہے بلکہ پالیسی کی ناکامی ہے، امید کرتے ہیں کہ جو امن و استحکام چاہتے ہیں وہ حاوی رہیں گے، رہنماؤں کی جانب سے امن و ترقی کے لیے اپنی خدمات پیش کی گئیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پارلیمانی رہنماؤں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کو ہم نے مؤثر جواب دے دیا ہے لیکن بھارت کی جانب سے مزید حرکت کا خدشہ موجود ہے تاہم ہم پاکستان کے دفاع کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ کسی پاکستانی طیارے نے ایل او سی کی خلاف ورزی نہیں کی، ایک بھارتی جہاز پاکستانی حدود اور دوسرا بھارتی حدود میں گرا۔

آرمی چیف نے کہا کہ عالمی طاقتوں نے معاملے پر تشویش کا اظہارکیا ہے اور وہ کردار ادا کررہی ہیں، عالمی طاقتوں کی کوشش ہے کہ معاملات طے پاجائیں، وزیراعظم نے بھی بھارت کو ایک بار پھر امن کی دعوت دی ہے، توقع ہے بھارت ہوش مندی کا مظاہرہ کرکے دعوت مثبت لے گا۔

میجر جنرل آصف غفور

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے بھی بھارتی جارحیت اور پاکستان کے منہ توڑ جواب پر پارلیمانی رہنماؤں کو ان کیمرہ بریفنگ دی گئی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی پارلیمانی رہنماؤں کو نیشنل کمانڈ اجلاس کے فیصلوں سے آگاہ کیا اور دوست ممالک سے رابطوں پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے جنگی جنون اور ہٹ دھرمی پر دنیا کو اعتماد میں لیا، عالمی برادری سے مثبت جواب مل رہا ہے جب کہ پاکستان نے بھارت کو امن کا واضح پیغام دیا۔

ذرائع کے مطابق زیادہ وقت آرمی چیف نے پارلیمانی رہنماؤں کو خود بریف کیا اور کوئی نکتہ واضح نہ ہونے پرشرکا سے دریافت بھی کیا جب کہ سیاسی رہنماؤں نے کچھ نکات پر وضاحت حاصل کی، آرمی چیف نے سیاسی جماعتوں کا فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونے پر شکریہ ادا کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |