مودی کو فوجیوں کی لاشوں پر گھٹیا سیاست نہیں کرنے دیں گے بھارتی اپوزیشن جماعتیں

مودی کی مطلق العنان سوچ کے باعث ملک کی سلامتی خطرے میں پڑگئی اور بڑا فوجی نقصان ہوا، بھارتی اپوزیشن جماعتیں


ویب ڈیسک February 27, 2019
مودی بتائیں کہ ملک و قوم کی سلامتی کے لیے کیا اقدامات کیے۔ اپوزیشن فوٹو : فائل

بھارت کی اپوزیشن جماعتیں فوجیوں کی ہلاکت کو اپنی سیاست چمکانے کے لیے استعمال کرنے پر وزیراعظم مودی پر پھٹ پڑیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت کی 21 اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم مودی کی فوجی ہلاکتوں پر سیاست کرنے کو مکروہ عمل قرار دیتے ہوئے اپنے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے، اپوزیشن جماعتوں کا کہنا تھا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو فوج کی قربانیوں پر گھٹیا سیاست کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

اپوزیشن جماعتوں کا حالیہ فوجی آپریشن میں ناکامی اور فوجی نقصان پر قوم کو اعتماد میں لینے کے علاوہ ملک کی سلامتی اور سرحدوں کی حفاظت کے لیے اب تک اُٹھائے گئےاقدامات سے آگاہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایسا نہیں کیا گیا تو پوری قوم عدم تحفظ کا شکار ہوجائے گی۔

اپوزیشن جماعتوں کا ملک کے دفاعی معاملات میں اپوزیشن کو اعتماد میں لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم مودی نے جمہوری روایات کے برعکس کشیدہ صورت حال پر اپوزیشن جماعتوں سے صلاح مشورہ نہیں کیا اور اسی مطلق العنان سوچ کے باعث بھارت کو طیاروں کے نقصان اور پائلٹ کی گمشدگی جیسے عظیم نقصان کو بھگتنا پڑا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں