سپریم کورٹ چاہے نااہل قراردے یاجیل بھیج دے معافی نہیں مانگوں گا عمران خان

چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری ارسلان افتخار کیس میں پہلے ہی متنازع ہوچکے ہیں، عمران خان


ویب ڈیسک August 01, 2013
عام انتخابات میں ہونے والی دھاندلیوں کو منظرعام پر لاتا رہوں گا،عمران خان۔ فوٹو: فائل

تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ چاہے مجھے نااہل قرار دیدے یاجیل بھیج دے لیکن کسی بھی صورت معافی نہیں مانگوں گا

ایکسپریس نیوز کے پروگرام ''کل تک'' کے میزبان جاوید چوہدری کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وہ پاکستان میں جمہوریت کی جنگ لڑ رہے ہیں اور عام انتخابات میں ہونے والی دھاندلیوں کو منظر عام پر لاتے رہیں گے۔ اس سلسلے میں سپریم کورٹ کی جانب سے توہین عدالت کا نوٹس طلبی کسی طور بھی درست نہیں، اس سلسلے میں ان کا مؤقف واضح ہے اور وہ اپنے مؤقف پر قائم رہیں گے ، اس کے لئے وہ نااہلی یا قید بھی بھگتنے کو تیار ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری ارسلان افتخار کیس میں پہلے ہی متنازع ہوچکے ہیں اور اگر عدالت نے تحریک انصاف کی جانب سے دھاندلیوں سے متعلق درخواست کی سماعت نہ کی تو وہ ایک بار پھر متنازع ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے بیرسٹر اعتزاز احسن نے انہیں ان کی جانب سے وکالت کرنے کی پیشکش کی ہے اور اگر معاملہ آگے بڑھا تو وہ اعتزاز احسن کی پیشکش سے استفادہ کرنے کے بارے میں بھی سوچ سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ عمران خان کو 26 جولائی کی تقریر پر سپریم کورٹ نے توہین عدالت کا نوٹس جاری کررکھا ہےاور وہ خود جمعہ کو 3رکنی بینچ کے روبرو پیش ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں