کاروباری برادری نے بجلی اور پٹرولیم نرخوں میں اضافہ مسترد کر دیا

تاجر برادری کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے منفی اثرات نمودارہونگے


Business Reporter August 01, 2013
تاجر برادری کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے منفی اثرات نمودارہونگے۔ فوٹو: فائل

تاجروں و صنعتکاروں نے حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کے نرخوں میں ہوشربا اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے لیے قومی توانائی پالیسی کی منظوری خوش آئند عمل ہے۔

لیکن بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت سے مقامی مصنوعات بیرونی منڈیوں میں مسابقت کے قابل نہیں رہیں گی جبکہ دوسری جانب برآمدی آڈرز کی بروقت تکمیل میں مشکلات کا سامنا ہوگا۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر احمد ملک،سابق صدور ایس ایم منیر،طارق سعید،کراچی چیمبر کے صدر ہارون اگر،سابق صدور انجم نثار،سراج قاسم تیلی،ہارون فاروقی،کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین زبیر چھایا، سابق چیئرمین میاں زاہد حسین، جوہر قندھاری، آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر،سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل احمد پراچہ، سائٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین ڈاکٹر ارشد وہرہ اور دیگر نے پٹرولیم مصنوعات اوربجلی کی قیمتوں میں ہوشربااضافے سمیت صنعتی صارفین کے لیے یکم اگست سے بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ قومی توانائی پالیسی کے تحت 2015 تک 400 میگا واٹ کے ہائیڈل منصوبے اور کوئلے کے ذریعے 7ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے مثبت اثرات نمودارہونگے۔

لیکن پاکستانی برآمدکنندگان کو بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے اور پٹرولیم مصنوعات اورصنعتی بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے صنعتی پیداواری عمل بری طرح متاثر ہوگا۔ تاجروں اور صنعتکاروں کا کہنا تھا کہ حکومت بجلی کی قیمتوں میں استحکام پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی برآمدی اہداف کی تکمیل کے لیے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورتی پہلو کو اپناتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں مرحلہ واراضافے کی پالیسی کو اپنائے کیونکہ برآمدی آرڈرز بیرونی خریدار سے پہلے سے طے شدہ ہوتے ہیں اور اگرایکدم سے بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا جائیگا تو کس طرح طے شدہ قیمتوں پر برآمدی آرڈرز کی تکمیل ممکن ہوسکے گی۔



تاجر برادری کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے منفی اثرات نمودارہونگے اور صنعتی وتجارتی سرگرمیوں سمیت عام آدمی بھی اس اقدام سے بری طرح متاثرہوگا کیونکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ ہوجائیگااور موجودہ حالات میں عوام کی قوت خرید ختم ہوتی جارہی ہے۔ تاجر برادری نے کہا کہ ملک میں توانائی کی قلت کو پوراکرنے کیلیے صنعتی وگھریلو صارفین کیلیے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کے بجائے بجلی پیدا کرنے کے نئے ذرائع استعمال کیے جائیں اور کوئلے سمیت شمسی توانائی کے ذریعے سستی بجلی صنعتوں اور عوام کو فراہم کی جائے۔

تاجر برادری نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم نواز شریف ہنگامی بنیادوں پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر نظرثانی کرتے ہوئے عوام اور صنعتوں کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کریں جبکہ ملک میں بجلی کی کمی کوپوراکرنے کیلیے قیمتوں میں اضافے کے بجائے سیور کی تقسیم اور بجلی چوری کی روک تھام کی جائے۔ آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے بجلی و تیل کی قیمتوں میں متواتر اضافے کے حکومتی اقدامات کو ملکی صنعت و تجارت کیلیے انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے توانائی پالیسی کے نام پر تیل و بجلی کی قیمتیں بڑھاکر مہنگائی کو بے لگام کردیا ہے۔ کاٹی کے عہدیداروں نے کہا کہ حکومت بجلی کی قیمتوں میں استحکام پیدا کرنے کے ساتھ ملکی برآمدی اہداف کی تکمیل کیلیے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورتی پہلواپنائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں