کراچی میں آئس نشہ فروخت کرنے کے الزام میں 3 لڑکیوں سمیت 6 گرفتار

ملزمان مبینہ طور پر پارٹیوں، فارم ہاؤسز اور تعلیمی اداروں میں منشیات فروخت کرتے تھے، پولیس


Numainda Express February 28, 2019
ملزمان مبینہ طور پر پارٹیوں، فارم ہاؤسز اور تعلیمی اداروں میں منشیات فروخت کرتے تھے، پولیس فوٹو:ایکسپریس

شارع فیصل پولیس نے آئس منشیات فروخت کرنے کے الزام میں 3 مفرور ملزمان سمیت 6 افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے 3 کلو سے زائد چرس اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر کے مطابق ایس ایچ او شارع فیصل صفدر مشوانی اور ایس ایچ او گلشن اقبال نصراللہ نے نوجوان نسل میں منشیات (آئس) فروخت کرنے والے منشیات کے 3 مبینہ ڈیلروں روحیل شکیل راجو، وقاص وکی اور عبدالرحیم ماما کے ساتھ ساتھ ان کی 3 مددگار لڑکیوں مسکان، لائبہ اشال اور حمیرا کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار ملزمان کا گروہ مبینہ طور پر شہر میں پارٹیوں ، فارم ہاؤسز اور تعلیمی اداروں میں منشیات فروخت کرتا تھا۔ ملزمان کے قبضے سے 3 ٹی ٹی پستول ، 3 کلو 337 گرام چرس اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔ ملزمان اس سے قبل بھی متعدد بار پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو چکے ہیں۔

ایس ایچ او شارع فیصل صفدر مشوانی بتایا کہ ملزمان کو شارع فیصل ڈرگ روڈ اور گلشن جمال کے علاقے میں چھاپے مار کر گرفتار کیا گیا، پولیس نے ان کے خلاف مقدمات درج کرلیے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں