بھارت پورے خطے کی تباہی کے راستہ پر ہے پاکستان

بھارت ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے، ہم پر جب جنگ مسلط کی گئی ہم نے جواب دیا، ترجمان دفتر خارجہ


ویب ڈیسک February 28, 2019
اگر دہشتگردی کا کوئی وجود تھا تو بھی بھارت کو سرحدی خلاف ورزی کی اجازت نہیں، ترجمان دفتر خارجہ فوٹو:فائل

دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ بھارت پورے خطے کی تباہی کے راستہ پر ہے۔

ہفتہ وار بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارت کی جانب سے پلوامہ حملوں سے متعلق ڈوزئیر موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ڈوزئیر کا مشاہدہ کیا جائے گا اور اس میں موجود قانونی شواہد کا جائزہ لیا جائے گا، اگر ٹھوس اور قابل عمل ثبوت ہوئے تو پاکستان کارروائی کرے گا، وزیر اعظم عمران خان اس حوالے سے پہلے ہی واضح اعلان کرچکے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت سے مذاکرات کیلئے تیار ہے تاہم اس میں دہشتگردی کے علاوہ دیگر موضوعات پر بھی بات ہونی چاہیے، بھارت ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے، ہم پر جب جنگ مسلط کی گئی تو ہم نے جواب دیا، ہم نے پہلے بھی بھارت سے کہا ہے کہ آپ نہ صرف اپنے لیے بلکہ خطہ کے لیے بھی تباہی کے راستہ پر ہیں، موجودہ صورت حال پر اب بھارت کے اندر سے بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں، اب بی جے پی کے لوگ کہہ رہے ہیں کہ 22 سیٹوں کے لیے خطے کو جنگ میں دھکیلا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت نے پلوامہ واقعہ کی تحقیقات کی پیشکش قبول کرلی، ڈوزئیر پاکستان کے حوالے

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ اگر ابھی نندن جیسا واقعہ بھارت میں ہوتا تو صورتحال مختلف ہوتی، بھارت نے اپنے گرفتار پائلٹ کا معاملہ پاکستان سے اٹھایا ہے، اس کے بارے میں پاکستان کی پوزیشن واضح ہے، ابھی نندن محفوظ اور صحت مند ہے، اسے عوام نے پکڑا تھا اور فورسز نے بچایا ہے، اسے جنگی قیدی کا درجہ دینا ہے یا نہیں اس کا فیصلہ بعد میں ہوگا، جبکہ پائلٹ پر کون سا عالمی قانون یا کنونشن لگنا ہے اس کا فیصلہ ایک دو روز میں ہوجائے گا۔

او آئی سی میں بھارت کی شرکت سے متعلق سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج او آئی سی میں جائیں گی تو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی شریک نہیں ہوں گے، پاک بھارت کشیدگی پر دونوں ممالک عالمی برادی سے رابطے میں ہیں، اس موقع پر کس ملک کا کیا کردار ہو سکتا ہے وہ واضح نہیں، جن ممالک نے دہشتگردی کی بات کی ان پر پاکستان نے پوزیشن واضح کر دی ہے کہ ہم پہلے ہی نیشنل ایکشن پلان پر دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کی گرفتار پائلٹ کی رہائی کیلیے پاکستان سے درخواست

بھارت کی پاکستان میں دراندازی اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملے کے دعوے سے متعلق ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ اگر دہشتگردی کا کوئی وجود تھا تو بھی بھارت کو بین الاقوامی سرحد کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں، اگر اس کا کوئی قانونی جواز گھڑا جائے تو پھر پاکستان بھی کل کسی پر حملہ کرسکتا ہے، پاکستان اپنے دفاع کے لئے کسی کی طرف نہیں دیکھ رہا، صرف اپنے عوام اور افواج کی طرف دیکھ رہا ہے، اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کو بالا کوٹ لیکر جائیں گے جبکہ مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں پر ہونے والے مظالم سے اقوام متحدہ کو بھی آگاہ کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |