چارجڈ پارکنگ مافیا نے شہریوں سے کروڑوں روپے اینٹھ لیے

شہریوں سے موٹر سائیکل کی فیس 20 روپے، کارکی فیس 30 سے 50 روپے تک وصول کی جا نے لگی، شہریوں کے احتجاج پر۔۔۔

طارق روڈ پر موٹر سائیکل سوار پارکنگ فیس ادا کرکے اپنی گاڑی کھڑی کررہا ہے ۔ فوٹو : ساجد رؤف / ایکسپریس

شہریوں سے مختلف مقامات پرزائد پارکنگ فیس کی وصولی جاری ہے۔

چارجڈ پارکنگ مافیا نے فیس وصولی کی آڑ میں شہریوں سے کروڑوں روپے اینٹھ لیے، ستم ظریفی کی انتہا یہ ہے کہ سڑکوں پر ہونے والی اس کھلی لوٹ مار کا کسی بھی سطح پر نوٹس نہیں لیا جارہا ہے، شہریوں کے کروڑوں روپے چند طاقتور افراد کی جیبوں میں منتقل ہوگئے، کے ایم سی کی جانب سے موٹر سائیکل کی چارجڈ پارکنگ فیس 5 روپے جبکہ گاڑی کی فیس 20 روپے مقرر کی گئی ہے تاہم عیدالفطر کی خریداری کے لیے شاپنگ سینٹرز و دیگر مارکیٹوں میں آنیوالے شہریوں سے موٹر سائیکل کی فیس 20 روپے جبکہ گاڑی کی فیس 30 سے 50 روپے تک وصول کی جا رہی ہے جس کے باعث شہریوں میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک میں چارجڈ پارکنگ مافیا نے موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں کھڑی کرنے کے نام پر شہریوں سے کروڑوں روپے لوٹ لیے اور اگر کوئی شہری احتجاج کرتا ہے تو چارجڈ پارکنگ مافیا کے غنڈے موقع پر پہنچ جاتے ہیں اور شہری کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دے کر رقم دینے پر مجبور کردیتے ہیں۔




مافیا کے خلاف کارروائی نہ ہونے پرشہریوں میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے اور یہ صورتحال کسی بھی غیر معمولی واقعے کا سبب بن سکتی ہے، گاڑی مالکان اور عملے میں جھگڑے معمول بن گئے، مختلف علاقوں میں قائم مشہور و معروف شاپنگ سینٹرزاورتجارتی مراکز طارق روڈ، بہادر آباد، حیدری مارکیٹ ، کریم آباد ، مینا بازار ، ناظم آباد ، صدر زیب النسا اسٹریٹ ، عبداﷲ ہارون روڈ، زینب مارکیٹ، صدر کوآپریٹو مارکیٹ، پیراڈائز شاپنگ سینٹر، مرشد بازار، لانڈھی بابر مارکیٹ ، ملینیئم مال، صائمہ شاپنگ سینٹر راشد منہاس روڈ ، صائمہ پری مال ، گلشن اقبال کے ڈی اے مارکیٹ، سماما، واٹر پمپ انار کلی بازار اور ناظم آباد سمیت دیگر علاقوں میں چارجڈ پارکنگ مافیا کی جانب سے شہریوں سے زائد فیس وصول کرنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر اورکمشنر کراچی شعیب صدیقی نے ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ سید رضا عباس کو خصوصی ہدایت جاری کی تھیں کہ وہ مختلف مقامات پر چارجڈ پارکنگ میں شہریوں کی شکایت کے ازالے کے لیے فوری کارروائی کریں اور چارجڈ پارکنگ کی مقرر کردہ موٹر سائیکل فیس 5 روپے اور کار فیس 20 روپے ہی وصول کی جائے،شہریوں سے زائد چارجڈ پارکنگ فیس وصول کرنے والوں کے خلاف کسی بھی سطح پر نہ تو کوئی کارروائی کی گئی جس کی وجہ سے چند بااثر اور طاقتور افراد شہریوں کے کروڑوں روپے اپنی جیبوں میں منتقل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
Load Next Story