وزیراعظم کا خیر سگالی کے طور پر بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کا اعلان

بھارت ہماری مذاکرات کی پیشکش کو کمزوری نہ سمجھے، عمران خان


ویب ڈیسک February 28, 2019
ایسا وقت جب بیرونی خطرات کا سامنا ہے پوری قوم متحدہ ہے، عمران خان۔ فوٹو : فائل

KARACHI: وزیراعظم عمران خان نے خیر سگالی کے طور پر گزشتہ روز گرفتار کئے گئے بھارتی پائلٹ ابھے نندن کورہا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ اور اپوزیشن کا شکر گزار ہوں، ایسا وقت جب بیرونی خطرات کا سامنا ہے پوری قوم متحدہ ہے، وزیراعظم بننے کے بعد بھارت کو امن کا پیغام بھیجا لیکن اچھا جواب نہیں آیا، میں نے کہا تھا کہ بھارت دوستی کی طرف ایک قدم بڑھائے ہم دو قدم بڑھائیں گے لیکن کوئی مثبت ردعمل نہیں آیا۔

خدشہ تھا کہ بھارت میں انتخابات سے پہلے کوئی نہ کوئی واقعہ ہوگا

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ موقع ملا تو ہم نے کرتارپور راہداری کھولی تاکہ معاملات آگے بڑھیں، کرتار پور راہداری کھولنے کے باوجود بھی بھارت کی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھارت میں الیکشن کی وجہ سے جنگی ماحول پیدا کر رکھا ہے، ہمیں خدشہ تھا کہ بھارت میں انتخابات سے پہلے کوئی نہ کوئی واقعہ ہوگا جسے الیکشن میں استعمال کیا جائے گا تاہم پاکستان کو پلوامہ حملے سے ملنا کیا تھا۔

بھارت سے کہا ہمیں ثبوت دیں ہم کارروائی کریں گے

وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے بھارت سے کہا ہمیں ثبوت دیں ہم کارروائی کریں گے تاہم بھارت انتخابات کی وجہ سے بہتر جواب نہیں دے رہا تھا، پلوامہ حملے کے تھوڑی دیر بعد ہی پاکستان پر الزام لگادیا گیا تاہم بھارت نے آج پلوامہ حملے پر ڈوزیئر بھیجا ہے۔

صرف یہ دکھانے کیلیے کارروائی کی کہ ہم میں جواب دینے کی بھر پور صلاحیت ہے

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کوئی ملک اجازت نہیں دیتا کہ اس کی خودمختاری کو چیلنج کیا جائے، میں نے کل شام کوشش کی کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو فون کروں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو صبح 3 بجے پتا چلا تاہم ہم نے فوری طور پر جوابی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا جب کہ اگلے دن ہم نے صرف یہ دکھانے کیلیے کارروائی کی کہ ہم میں جواب دینے کی بھر پور صلاحیت ہے۔

کیا وجہ ہے کہ 19 سال کا کشمیری نوجوان خودکش بنتا ہے

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ سارا مسئلہ کشمیر کی وجہ سے ہے، کشمیرمیں اپنی تحریک شروع ہو چکی ہے، 20 سال پہلے ہندوستان گیا تھا، اس وقت کوئی کشمیری لیڈر ہندوستان سے علیحدگی نہیں چاہتے تھے، آج ایک بھی ایسا نہیں، آج سب ہندوستان سے علیحدگی چاہتے ہیں، کیا وجہ ہے کہ 19 سال کا کشمیری نوجوان خودکش بنتا ہے، کیا وجہ ہے کہ کشمیریوں میں موت کا خوف ختم ہو گیا ہے،جو ظلم ہندوستان کر رہا ہے یہ سب اس کی وجہ سے ہے۔

یہ کشیدگی نہ بھارت کے فائدے میں ہے نہ پاکستان کے

وزیراعظم نے کہا کہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ ہندوستان میں ایک بحث کی ضرورت ہے، یہ کشیدگی نہ بھارت کے فائدے میں ہے نہ پاکستان کے، ہم دنیا سے بات کر رہے ہیں کہ کشیدگی کم کرنے کے لئے کردار ادا کرے تاہم ہماری ان کوششوں کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔



کل رات بھارت کی جانب سے پاکستان پر میزائل حملے کا خطرہ تھا

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس ملک کا ہیرو ٹیپو سلطان ہے، نریندر مودی کو پیغام دینا چاہتا ہوں کسی کو انتہا تک نہ لیکر جائیں، کل رات کو بھارت کی جانب سے پاکستان پر میزائل حملے کا خطرہ تھا تاہم وہ خطرہ بھی ٹل گیا لہذا ہندوستان کو کہہ رہا ہوں کہ اس کشیدگی کو آگے نہ لے کر جائیں ورنہ پھر پاکستان جواب دینے پر مجبور ہوگا، جو ہتھیار دونوں کے پاس ہیں اس جانب سوچنا بھی نہیں چاہیے، ہمیں یقین ہے کہ عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے گی۔



بھارتی پائلٹ ابھے نندن کو رہا کرنے کا اعلان

وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز گرفتار کئے گئے بھارتی پائلٹ ابھے نندن کو رہا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی پائلٹ کو جذبہ امن کے تحت رہا کر رہے ہیں۔

 



پائلٹ کو بھارت کے حوالے کرنے کی تیاریاں

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتاربھارتی پائلٹ ابھے نندن کو واہگہ بارڈرپر بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا اور اس حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان میں تعینات بھارتی ایئر اتاشی بھی اپنے پائلٹ کے ہمراہ بھارت جائیں گے۔

بھارتی پائلٹ کو دو روز قبل اس وقت گرفتارکیا گیا تھا جب بھارتی طیاروں نے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی اور پاکستان ائیرفورس نے ان طیاروں کومارگرایا تھا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں