بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کے فیصلے سے جنگ کے بادل چھٹ جائیں گے میر واعظ

عمران خان کے اس فیصلے سے جنگ کے بادل چھٹ جائیں گے، حریت رہنما


ویب ڈیسک February 28, 2019
حریت رہنما نے وزیراعظم عمران خان کے بیان کی مکمل حمایت کی۔ فوٹو : فائل

حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا گرفتار بھارتی پائلٹ کی رہائی کا فیصلہ خوش آئند ہے۔

اپنی ٹویٹ میں حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے وزیراعظم عمران خان کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی پائلٹ کی رہائی سے دنیا بھر میں امن کا پیغام جائے گا۔

حریت رہنما نے امید ظاہر کی کہ دوسری جانب سے بھی عمران خان کے فیصلے کو سراہا جائے گا، اس فیصلے سے جنگ کے بادل چھٹ جائیں گے اور کشمیر کے تنازع کے پُر امن حل کی راہ ہموار ہوجائے گی۔

علاوہ ازیں آزاد کشمیر میں بھی پاکستان کے اس فیصلے کو سراہا جا رہا ہے اور کشمیری پاکستان کی امن کی خواہش سے خطے میں دہائیوں سے جاری تنازع کے حل کے لیے امید افزا ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں : وزیراعظم کا خیر سگالی کے طور پر بھارتی پائلٹ کو کل رہا کرنے کا اعلان

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پارلیمنٹ سے خطاب میں امن کی خاطر جذبہ خیر سگالی کے تحت گرفتار بھارتی پائلٹ ابھے نندن کو کل رہا کرنے کا اعلان کیا تھا جسے مقامی اور عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔