ہاکی کیمپ مینجمنٹ کا سہیل اور ریحان کو بلانے سے انکار

ایشیا کپ میں بہت کم وقت رہ گیا، نئے تجربات کا خطرہ مول نہیں لے سکتے، کوچ


Sports Reporter August 02, 2013
ایشیا کپ میں بہت کم وقت رہ گیا، نئے تجربات کا خطرہ مول نہیں لے سکتے، کوچ فوٹو: فائل

پاکستانی ہاکی ٹیم مینجمنٹ نے سہیل عباس اور ریحان بٹ سمیت کسی بھی سابق کھلاڑی کو ایشیا کپ کیمپ کا حصہ بنانے سے انکار کر دیا۔

کوچ طاہر زمان کے مطابق ملائیشیا میں شیڈول ایونٹ میں بہت کم وقت رہ گیا اس لیے نئے تجربات کا خطرہ مول نہیں لے سکتے۔ یاد رہے کہ کیمپ میں جونیئرز کے ساتھ محمد عمران، شکیل عباسی، وسیم احمد سمیت متعدد تجربہ کارکھلاڑی شریک ہیں، حال ہی میں ہالینڈ میں لیگ کھیل کر آنے والے سلمان اکبر کو پی ایچ ایف حکام نے کوچنگ اسٹاف کا حصہ بنانے کی پیشکش کی، سابق کپتان کے انکار پر انھیں کیمپ میں بطور کھلاڑی شامل کر لیا گیا۔ تجربہ کار کھلاڑیوں کی بھر مار کو دیکھتے اور ایشیا کپ کی اہمیت کے پیش نظر پنالٹی کارنر اسپیشلسٹ سہیل عباس اور ریحان بٹ نے بھی کیمپ کا حصہ بننے کی خواہش کا اظہار کیا۔



ذرائع کے مطابق ایشیا کپ میں گرین شرٹس کی نمائندگی کے خواہشمند پلیئرز نے چیف کوچ اختر رسول سے رابطہ کیا تو انھوں نے وقت کی کمی کے باعث معذرت کر لی۔ اس حوالے سے نمائندہ ''ایکسپریس'' نے جب کوچ طاہر زمان سے رابطہ کیا تو انھوں نے کہا کہ کسی کھلاڑی کو کیمپ میں بلانے کا اب وقت نہیں ہے، بلاشبہ سینئرز کی ہاکی کیلیے خدمات سے انکار نہیں کیا جا سکتا لیکن ایشیا کپ کیلیے بہترین اسکواڈ کا انتخاب کیا گیا اور انہی میں سے حتمی پلیئرز کا انتخاب کرکے ملائیشیا کا سفر کیا جائے گا، انھوں نے کہا کہ کیمپ میں کھلاڑیوں کو بھرپور ٹریننگ کرائی جا رہی ہے، امید ہے کہ پلیئرز ایونٹ میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کر کے قوم کو خوشخبری دیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں