کراچی کنگز نے لاہور قلندرز سے شکست کا بدلہ لے لیا

کنگز کے افتخار احمد نے 25 گیندوں پر 33 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا


ویب ڈیسک February 28, 2019
میچ دبئی میں کھیلا گیا، فوٹو: پی سی بی

پی ایس ایل کے 20 ویں میچ میں کراچی کنگز نے دلچسپ مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو ہرا دیا۔

لاہور قلندرز کے 134 رنز کا ہدف کراچی کنگز نے 5 وکٹوں پر آخری اوور میں حاصل کرکے ایونٹ میں شکست کا بدلہ لے لیا، قلندرز کے بولرز نےعمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھوٹے ہدف کوچیلنجنگ بنایا تاہم وہ کامیابی سے اس کا دفاع یقینی نہ بنا سکے۔

کراچی کنگز کے افتخار احمد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 25 گیندوں پر 33 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا، لیونگٹسن نے 38،بابراعظم نے 11، منرو نے 15، انگرم نے 12 اور محمد رضوان نے 2 رنز بنائے جب کہ کپتان عماد وسیم 19 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے لیمنچنے نے 2، وائسے، یاسر شاہ اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیتا اور فیلڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے لاہور قلندرز کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی،کراچی کنگز کے بولرز کی نپی تلی گیند بازی کی بدولت لاہور قلندرز کے بیٹسمین کھل کر نہ کھیل سکے اور دباؤ میں رہنے کی وجہ سے بڑا ہدف دینے میں ناکام رہے، قلندرز نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 133 رنز بنائے۔

کپتان ڈیویلیئرز 33 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ فخرزمان 18، گوہر علی4، حارث سہیل 20، اینڈرسن 22 رنز بنا کر پویلین لوٹے، سہیل اختر29 اور وائسے 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کنگز کی جانب سے افتخار احمد نے 2، عماد وسیم، محمد عامر اور عمر خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ایونٹ میں دونوں ٹیمیں دوسری بار آمنے سامنے تھیں،16 فروری کو کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو شکست سے دوچار کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں