رمضان کرکٹ اسٹیٹ بینک کی سیمی فائنل میں رسائی

این بی پی ناکام، پورٹ قاسم اتھارٹی نے گروپ بی میں سرفہرست ہونے کا اعزاز پالیا

این بی پی ناکام، پورٹ قاسم اتھارٹی نے گروپ بی میں سرفہرست ہونے کا اعزاز پالیا۔ فوٹو: اے ایف پی

معین خان اکیڈمی پر جاری تیسرے کارپوریٹ کپ ٹی ٹوئنٹی رمضان نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ میں اسٹیٹ بینک نے مضبوط حریف نیشنل بینک کو70 رنز سے شکست دے کرسیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی، پورٹ قاسم اتھارٹی نے سی ایل کو 8 وکٹ سے ہرا کرگروپ بی میں سرفہرست ہونے کا اعزاز پایا۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نے 6 وکٹ پر160 رنزبنائے،نوید ملک 47، عدنان رئیس 42 اور سلمان علی23 رنز کے ساتھ نمایاں رہے،رضا حسن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جواب میں حریف ٹیم 90 رنزبناکر پویلین لوٹ گئی، کپتان کامران اکمل نے17 گیندوں پر ایک چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 26 رنزبنائے،فواد عالم نے19 رنز اسکور کیے،7 بیٹسمین ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکے،صفر پر آؤٹ ہونے والے 4 کھلاڑیوں میں ناصر جمشید بھی شامل تھے، مین آف دی میچ زاہد محمود نے20 رنز کے عوض4 وکٹیں حاصل کیں۔




سلمان علی اورعثمان خان نے2،2 وکٹوں پر ہاتھ صاف کیا، گروپ اے سے دوسری ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچے کا فیصلہ جمعے کوایڈوانس اورنیشنل بینک کے میچ سے ہوگا۔ دوسرے میچ میں سی ایل کی ٹیم 18.3 اوورز میں 102 رنزبنا کرآؤٹ ہوگئی،کپتان عمران نذیر 31 رنزکے ساتھ نمایاں رہے، عبدالروف، اعظم حسین اورتنویراحمد نے 3،3 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا،جواب میں فاتح ٹیم نے2وکٹیں گنوا کر ہدف حاصل کرلیا،شاہ زیب نے 9 گیندوں پر 3 چھکوں کی مدد سے27 رنز بنائے،خرم منظور نے نصف سنچری اسکور کی، کپتان خالدلطیف 26 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
Load Next Story