بھارتی شخصیات کا عمران خان کے پائلٹ کی رہائی کے فیصلے کا خیرمقدم

ہر اچھا قدم اپنا راستہ خود بناتا ہے، نوجوت سنگھ سدھو


ویب ڈیسک March 01, 2019
کشمیری قیادت نے بھی پاکستانی کپتان کے فیصلے کوامن کے لیے خوش آئند قرار دیا (فوٹو: فائل)

وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کے اعلان کا بھارتی سیاست دانوں اور کشمیری قیادت کے ساتھ دنیا بھر کی معتبر شخصیات نے خیر مقدم کیا ہے۔

ایکسپریس کے مطابق عمران خان کی جانب سے گرفتار بھارتی پائلٹ "ابھے نندن " کو بھارت کے حوالے کرنے کے اعلان کی عالمی سطح پر زبردست پذیرائی ہوئی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا اعلان سنتے ہی بھارتی سیاست دان نوجوت سدھو خوشی سے کھل اٹھے۔ انہوں نے کہا کہ ہر اچھا قدم اپنا راستہ خود نکالتا ہے، پاکستانی وزیراعظم کے خیر سگالی اقدام سے پائلٹ کے گھر والوں سمیت پورے بھارتی عوام کو بے پناہ خوشی ملی ہے۔



بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ نے بھی عمران خان کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی وزیراعظم کا اقدام خیر سگالی کی طرف مثبت قدم ہے۔



بھارتی خاتون صحافی برکھا دت نے کہا کہ یہ انڈین ٹی وی اینکرز کی بے وقوفانہ باتوں کا وقت نہیں، پاکستانی وزیر اعظم کے فیصلے سے کشیدگی کم ہوگی اور ہمیں اس فیصلے کو سراہنا چاہیے۔



یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا خیر سگالی کے طور پر بھارتی پائلٹ کو کل رہا کرنے کا اعلان

کشمیری قیادت نے بھی پاکستانی کپتان کے فیصلے کوامن کے لیے خوش آئند قرار دیا، میر واعظ عمر فاروق نے ٹوئٹ میں امید ظاہر کی کہ اب جنگ کے منڈلاتے بادل چھٹ جائیں گے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے دروازے بھی کھلیں گے۔



مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی بھی اس اقدام پر عمران خان کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بہترین لیڈر شپ کا مظاہرہ کیا اب وقت آگیا ہے کہ ہماری سیاسی قیادت بھی ماحول کو سازگار بنانے کے لیے اقدام کرے۔



سابق برطانوی رکن پارلیمنٹ جارج گیلوے بھی وزیراعظم پاکستان کے معترف نکلے اور انہوں نے اقدام کو کپتان کی بہترین اننگز قرار دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں