پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دیدی

پشاور زلمی کی جانب سے لیام ڈاسن نے 52 اور ڈیرین سیمی نے 40 رنز کی اننگز کھیلی۔


ویب ڈیسک March 01, 2019
پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی، ابتشام شیخ اور وہاب ریاض نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو: پی ایس ایل

پی ایس ایل کے 21ویں میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 4 وکٹ سے شکست دے دی۔

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے 21ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 176 رنز بنائے جس کے جواب میں پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور آندرے فلیچر نے اننگز کا آغاز کیا ، کامران 19 رنز کی اننگز کھیل کر ظفر گوہر کا شکار بنے جب کہ فلیچر کو 21 رنز پر شاداب خان کے ہاتھوں پویلین واپس لوٹنا پڑا۔



امام الحق بھی 15 رنز بنانے کے بعد شاداب کا شکار بنے، عمر امین کی اننگز صرف 6 رنز تک محدود رہی اور پچھلے میچ کے ہیرو کیرن پولارڈ بھی صرف ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

زلمی کے کپتان ڈیرین سیمی اور لیام ڈاسن کے درمیان شاندار شراکت داری قائم ہوئی جس کی بدولت پشاور میچ جیتنے میں کامیاب رہا۔ ڈیرن سیمی 40 رنزبناکر آؤٹ ہوئے اور لیام ڈاسن 52 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ظفر گوہر اور شاداب خان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان ڈیرین سیمی نے ٹاس جیت کر پہلے اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تو لیوک رونکی اور کیمرون ڈیلپورٹ نے اننگز کا آغاز کیا، رونکی دوسرے ہی اوور میں 9 رنز بنانے کے بعد ابتشام شیخ کا شکار بن گئے۔



فلپ سالٹ اور ڈیلپورٹ نے 46 رنز کی شراکت قائم کی، آندرے فلیچر نے ابتشام شیخ کی ہی گیند پر سالٹ کا بہترین کیچ لے کر ان کی اننگز کا خاتمہ کیا وہ 28 رنز بنانے میں کامیاب رہے لیکن ڈیلپورٹ نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 55 گیندوں پر 71 رنز کی اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور 8 چوکے شامل تھے۔



چیڈوک والٹن نے 22 اور آصف علی نے 23 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، فہیم اشرف صرف 9 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی اور ابشام شیخ نے 2،2 جب کہ عمید آصف اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔