بینکوں کو افغان مہاجرین کے رجسٹریشن کارڈ پر اکاؤنٹ کھولنے کی ہدایت

نادرا نے رجسٹریشن کارڈ والے افغان مہاجرین کی بائیو میٹرک توثیق کو سی این آئی سی توثیق کے لنک سے لائیو کر دیا ہے


Business Reporter March 01, 2019
نادرا نے رجسٹریشن کارڈ والے افغان مہاجرین کی بائیو میٹرک توثیق کو سی این آئی سی توثیق کے لنک سے لائیو کر دیا ہے (فوٹو: فائل)

اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو افغان مہاجرین کے بینک اکاؤنٹ کھولنے کے لیے رجسٹریشن کارڈ کو تسلیم کرنے کی اجازت دے دی۔

بینک دولت پاکستان نے بینکوں/ ترقیاتی مالی اداروں کو بذریعہ سرکلر ہدایت دی ہے کہ وہ افغان مہاجرین کے بینک اکاؤنٹ کھولنے کے لیے نادرا (نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی) کے جاری کردہ رجسٹریشن کارڈ (PoR) کو شناختی دستاویز کے طور پر قبول کر سکتے ہیں چنانچہ 26 فروری 2019ء سے نادرا نے رجسٹریشن کارڈ رکھنے والے افغان مہاجرین کی بائیو میٹرک توثیق کو سی این آئی سی توثیق کے موجودہ لنک سے لائیو کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رجسٹرڈ افغان پناہ گزینوں کو بینک کھاتے کھولنے کی مشروط اجازت

رجسٹریشن کارڈ رکھنے والے افغان مہاجرین کے لیے بائیو میٹرک توثیقی سروس اسی انداز میں کام کرے گی جیسے سی این آئی سی بائیو میٹرک توثیقی نظام کرتا ہے۔ بینک/ ترقیاتی مالی ادارے اکاؤنٹ کھولنے کے حوالے سے افغان مہاجرین کی شناخت کی توثیق، نادرا کے بائیو میٹرک توثیقی نظام سے کریں گے۔

بینکوں کی جانب سے اپنے کھاتے داروں کو خدمات کی پیشکش کے لیے جہاں اے ایم ایل/ سی ایف ٹی کے تحت کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ اور بائیو میٹرک توثیق درکار ہوتی ہے وہاں بائیومیٹرک سے توثیق شدہ رجسٹریشن کارڈ شناختی دستاویز کے طور پر قابل قبول ہے۔

بینکوں/ ترقیاتی مالی اداروں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ اکاؤنٹ کھولنے کے لیے اسٹیٹ بینک کی جانب سے وقتاً فوقتاً جاری ہونے والی ہدایات میں اے ایم ایل/سی ایف ٹی سمیت تمام متعلقہ قانونی اور ضوابطی شرائط پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں