بلوچستان میں بارش اور برفباری کے باعث سیلابی صورت حال کئی رابطہ سڑکیں بند

کوئٹہ چمن شاہراہ پر واقع باغک پل سیلابی ریلے میں بہہ گیا، نوشکی میں حفاظتی بند ٹوٹنے کا خطرہ


ویب ڈیسک March 02, 2019
حالیہ بارشوں اور برفباری سے بلوچستان میں خشک سالی کا خاتمہ ہوا ہے، ماہرین موسمیات فوٹو: فائل

QUETTA: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں اور برفباری کے باعث سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی ہے جس کی وجہ سے کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔

بارش اور برفباری کا باعث بننے والا سسٹم بلوچستان کے جنوب مغربی اور شمال مغربی علاقوں میں اپنا اثر دکھا رہا ہے، کوئٹہ، زیارت اور قلعہ عبداللہ میں گزشتہ روز سے شدید بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ خانوزئی کے علاقے کان مہترزئی میں گزشتہ روز سے اب تک ڈیڑھ فٹ برف پڑ چکی ہے، اسی طرح کوئٹہ اور زیارت سمیت اطراف کے دیگر علاقوں میں بھی بارش اور برفباری جاری ہے۔

شدید بارشوں اور برفباری کی وجہ سے کئی علاقوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی ہے، قلعہ عبداللہ میں سیلابی ریلے نے تباہی مچائی ہے، کوئٹہ چمن شاہراہ پر واقع مشہور باغک پل سیلابی ریلے میں بہہ گیا ہے ۔ سیلابی پانی شہر میں داخل ہوگیا ہے اور لوگ اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو کے کاموں میں مصروف ہیں۔ نوشکی میں موسلا دھار بارش کے باعث مشرقی قادر آباد کا حفاظتی بند ٹوٹنے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے، نشیبی علاقوں کے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر نوشکی نے مشینری علاقے میں پہنچا دی ہے۔ اس کے علاوہ زیارت اور دکی میں بھی کنٹرول روم قائم کردئے گئے ہیں۔

رواں سال موسم سرما میں بلوچستان میں شدید بارشیں اور برفباری ہوئی ہے جس سے جہاں ایک طرف جانی و مالی نقصان ہوا ہے وہیں ماہرین کے مطابق صوبے میں خشک سالی کی کیفیت ختم ہوئی ہے جب کہ زیر زمین پانی کی سطح میں بھی قابل قدر اضافہ ہوا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں