ملک حالت جنگ میں ہے اور حکومت کو نوبل انعام کی پڑگئی خورشید شاہ

ہمارے لیے 20 کروڑ عوام اہمیت رکھتے ہیں وزیراعظم کا ہاتھ ملانا نہیں، خورشید شاہ

ملکی سلامتی کے لیے اپوزیشن نے حکومت سے ایک قدم آگے بڑھ کر اپنا تعاون پیش کیا، خورشید شاہ فوٹو: فائل

پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ہمیں دشمن سے خیر کی توقع نہیں اور اس وقت ملک حالت جنگ میں ہے لیکن حکومت کو نوبل انعام کی پڑ گئی ہے۔

قومی اسمبلی میں فواد چوہدری کی جانب سے وزیراعظم کو امن کا نوبل انعام دینے کی قرارداد پر خورشید شاہ نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ جس وزیراعظم کو نوبل انعام دلوانا چاہتے ہیں اس نے اپوزیشن رہنماؤں سے سلام دعا تک نہیں کی، افسوس ہوا ملک حالت جنگ میں ہے اور ہمیں نوبل انعام کی پڑ گئی، مجھے سمجھ نہیں آتا حکومتی وزراء یہ سب کیوں کر رہے ہیں، ہمارے لیئے 20 کروڑ عوام اہمیت رکھتے ہیں وزیراعظم کا ہاتھ ملانا نہیں۔


یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کو امن کا نوبل انعام دینے کیلئے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں قرارداد جمع

خورشید شاہ نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں دشمن کو قومی یکجہتی کا پیغام دینے میں اپوزیشن پیش پیش رہی، جب ملک کو بڑے مسائل درپیش ہوں وہاں اپوزیشن نے چھوٹی باتوں کو انا کا مسئلہ نہیں بنایا، ہم نے وزیراعظم کے نہ ملنے کو بھی درگزر کیا، وزیراعظم نے گوارا ہی نہیں کیا کہ وہ پارلیمانی لیڈرز کے ساتھ بیٹھیں۔

پی پی رہنما نے کہا کہ ملکی سلامتی کے لیے اپوزیشن نے حکومت سے ایک قدم آگے بڑھ کر اپنا تعاون پیش کیا اور ملکی حالات کے پیش نظر حکومت کے ساتھ اختلافات ایک طرف رکھے،ساری قوم مل کر دعا کرے کہ ہم حالت جنگ سے نکلیں۔
Load Next Story