پی ایس ایل کے پاکستان میں شیڈول تمام میچز کراچی منتقل

نئے پروگرام کے تحت اب پہلا میچ 9 مارچ کو لاہور اور اسلام آباد کے درمیان شام 7 بجے کھیلا جائے گا


ویب ڈیسک March 03, 2019
سرحدوں پر کشیدگی کے پیش نظر لاہور میں میچز کی میزبانی کے فیصلے پر نظرثانی کی جا رہی تھی۔

پاکستان سپر لیگ 4 کے لاہور میں شیڈول میچز کراچی منتقل کر دیے گئے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے تمام میچز کراچی منتقل کر دیے گئے ہیں، سرحدوں پر کشیدگی کے پیش نظر لاہور میں میچز کی میزبانی کے فیصلے پر نظرثانی کی جا رہی تھی۔ سیکورٹی حالات کے پیشِ نظر اور ایئرپورٹ بند ہونے کی وجہ سے پروڈکشن سامان لاہور نہ پہنچ سکا جس کی وجہ سے اب لاہور میں ہونے والے تمام پی ایس ایل کے میچز کراچی میں ہوں گے۔



پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ایس ایل 4 کے لاہور میں شیڈول میچوں کی کراچی منتقلی کا فیصلہ لاہور میں کمرشل فلائٹس کے تاخیر سے آغاز کی وجہ سے کیا گیا ہے، کم وقت میں لاجسٹکس کے چیلنج ہوسکتے تھے لہذا یہ میچز کراچی منتقل کئے گئے ہیں۔ نئے پروگرام کے تحت پی سی ایل کا پاکستان کا مرحلہ 9 مارچ سے شروع ہوگا۔

پہلا مقابلہ 9 مارچ کو لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان شام 7 بجے شروع ہوگا، 10 مارچ کو کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ 11 مارچ کو دو میچز کھیلے جائیں گے پہلا میچ لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کا ہوگا جب کہ دوسرے میچ میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی مدمقابل ہوں گے۔

ایک دن کے آرام کے بعد 13 مارچ کو کوالیفائر ون کا مقابلہ کوالیفائر ٹو سے ہوگا، 14 مارچ کو ایلیمینٹر راؤنڈ ہوگا جس میں جیتنے والی ٹیم کا مقابلہ 15 مارچ کو کوالیفائنگ راؤنڈ میں ہارنے والے سے ہوگا جب کہ 17 مارچ کو فائنل ہوگا۔



اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ پی ایس ایل 4 کے پاکستان میں شیڈول میچز یہیں ہوں تاکہ پاکستانی عوام میدان میں آکر مقابلے دیکھ سکیں۔ اس کے لیے یہ ایک مشکل فیصلہ تھا جو ہم نے تمام فرنچائزز اور دیگر سے مشاورت کے بعد کیا۔



دوسری جانب کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ 2 سال پہلے ایک میچ مانگا تھا اب تو سارے میچز کراچی آرہے ہیں، پی ایس ایل کے تمام میچز کراچی میں ہوں گے، یہ ایک چیلنج ہے جسے قبول کرتے ہیں، اس میں سب کراچی والوں کی مدد چاہیے۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے کے 8 میچز پاکستان میں ہوں گے جس میں سے 3 میچز لاہور جب کہ 5 کراچی میں کھلیے جانے تھے تاہم اب تمام میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں