پی او اے متوازی دھڑوں میں اختلافات قانونی جنگ میں بدل گئے

اکرم ساہی گروپ نے عارف حسن کی زیر صدارت آج شیڈول اجلاس کیخلاف ہائیکورٹ سے حکم امتناعی حاصل کر لیا


Sports Reporter August 03, 2013
اکرم ساہی گروپ نے عارف حسن کی زیرصدارت آج شیڈول اجلاس کیخلاف ہائیکورٹ سے حکم امتناعی حاصل کرلیا۔ فوٹو: فائل

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے متوازی دھڑوں میں اختلافات قانونی جنگ میں بدل گئے۔

جنرل(ر) محمد اکرم ساہی گروپ نے ہفتے کو لاہور میں جنرل (ر) عارف حسن کی زیرصدارت اجلاس کیخلاف لاہور ہائیکورٹ سے حکم امتناعی حاصل کر لیا، دوسری طرف عارف حسن گروپ کا کہنا ہے کہ انھیں عدالتی احکامات موصول نہیں ہوئے، میٹنگ ملتوی کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ کچھ عرصے سے جاری پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے دونوں دھڑوں میں کوئی افہام تفہیم پیدا ہونے کی صورت نہیں نکل رہی بلکہ معاملات مزید بگڑتے جا رہے ہیں۔ پی او اے عارف حسن گروپ نے لاہور میں ہفتے کو جنرل باڈی کا اجلاس طلب کر رکھا ہے، جس میں حال ہی میں ہونے والے قومی گیمز سمیت متعدد اہم امور کا جائزہ لیا جانا ہے۔

اس میٹنگ کے خلاف جنرل(ر) اکرم ساہی گروپ نے گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ سے حکم امتناعی حاصل کر لیا۔ جسٹس شاہد وحید کی عدالت میں دائر رٹ میں محمود نوید نے اپنے وکیل اصغر علی گل کی وساطت سے موقف اختیار کیا کہ حال ہی میں اسلام آباد میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے انتخابات ہوئے، اس میں عہدیداروں کا چناؤ کرتے ہوئے پاکستان اسپورٹس بورڈ اور بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کے نمائندے بھی موجود تھے لیکن اس کے باوجود جنرل(ر) عارف حسن پی او اے کا نام استعمال کرتے ہوئے لاہور میں میٹنگ کر رہے ہیں۔ گزشتہ روز عدالت میں پاکستان اسپورٹس بورڈ، بین الصوبائی رابطہ کمیٹی اور سپریم کورٹ کے جاری آرڈرز بھی پیش کیے گئے۔



درخواست گزار کے وکیل نے معزز عدالت سے درخواست کی کہ پی او ا ے کی میٹنگ کے خلاف حکم امتناعی جاری کیا جائے۔ یاد رہے کہ پی ایس بی نے ایک اور خط میں کھیلوں کی تمام فیڈریشنز کو ہدایت دی ہے کہ وہ 3 اگست کو لاہور میں ہونے والے پی او اے کی جنرل کونسل کے اجلاس میں شرکت نہ کریں۔ پی ایس بی نے تمام فیڈریشنز کو خبردار کیا کہ جو بھی اجلاس میں شرکت کرے گی اس کے خلاف ایکشن لیا جائیگا۔

اس حوالے سے نمائندہ ''ایکسپریس'' نے جب پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن جنرل(ر) عارف حسن گروپ کے چیف کوارڈینیٹر خالد محمود سے رابطہ کیا تو انھوں نے کہا کہ ہمیں ابھی تک ہفتے کو ہونے والے اجلاس کے خلاف کسی بھی طرح کا حکم امتناعی جاری ہونے کا علم نہیں، نہ ہی عدالت کی طرف سے احکامات موصول ہوئے ہیں، میٹنگ شیڈول کے مطابق ضرور ہوگی۔

انھوں نے بتایا کہ انٹرنیشنل اولمپک سے الحاق شدہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی جنرل کونسل اور ایگزیکٹیوکمیٹی کا اجلاس ہفتے کو لاہور میں پی او اے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن کی صدارت میں ہوگا، اس میں جنرل کونسل کی مشاورت سے عدالتی فیصلے کے بعد اس بات کی منظوری لی جائے گی کہ ایگزیکٹیو کمیٹی کے انتخابات دوبارہ کرائے جائیں یا نہیں۔ پی او اے کے انتخابی قوانین میں بھی تبدیلی کی جائے گی جس کیلیے تمام فیڈریشنز، صوبائی اولمپک ایسوسی ایشن سے تجاویز لی گئی تھیں، ان کی روشنی میں پاکستان اور صوبائی اولمپک ایسوسی ایشنز کے انتخابی طریقہ کار میں تبدیلی بھی کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں