ڈرگ لائسنس ڈیپارٹمنٹ کی حیدرآباد منتقلی پر میڈیسن مارکیٹ کی احتجاج کی دھمکی

میڈیسن مارکیٹ کے تاجروں نے کراچی میں بڑے پیمانے پر احتجاج کرنے کا الٹی میٹم دے دیا

میڈیسن مارکیٹ کے تاجروں نے کراچی میں بڑے پیمانے پر احتجاج کرنے کا الٹی میٹم دے دیا ۔ فوٹو: فائل

ڈرگ لائسنس ڈیپارٹمنٹ کی حیدرآباد منتقلی پر میڈیسن مارکیٹ نے احتجاج کی دھمکی دے دی۔

کراچی میڈیسن مارکیٹ کے تاجروں اور میڈیکل اسٹورز سے وابستہ کاروباری حلقے نے وزارت صحت سندھ کی جانب سے ڈرگ لائسنس کے اجرا پر تاحکم ثانی پابندی اور ڈرگ سیل لائسنس ڈپارٹمنٹ کراچی سے حیدرآباد منتقل کرنے پر وزارت صحت کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کراچی میں بڑے پیمانے پر احتجاج کرنے کا الٹی میٹم دے دیا۔

اس حوالے سے ہول سیل کراچی فارما آرگنائزیشن کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں صدر محمّد زبیر میمن، نائب صدر محمّد عاطف بلو، جنرل سیکریٹری اسلم پولانی، چیئرمین عارف چوہدری اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ صحت سندھ کے ڈرگ سیل لائسنس ڈیپارٹمنٹ کو کراچی سے ختم کرکے حیدرآباد منتقل کرنے کے اقدام کو کراچی میں میڈیسن کاروبار سے وابستہ لاکھوں افراد سے دشمنی قرار دیا گیا۔


یہ بھی پڑھیں :ڈرگ لائسنس کے اجرا پر تاحکم ثانی پابندی عائد

شرکا نے محکمہ صحت سندھ کے اس اقدام پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقدام کو فوری روکنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ اس اقدام کو فوری واپس لیا جائے۔ آرگنائزیشن کے صدر زبیر میمن نے کہا کہ کراچی کے 10 ہزار فارمیسی اور سیکڑوں دوا ساز فیکٹریوں کے لیے محکمہ صحت کا یہ اقدام صرف مشکلات ہی نہیں پیدا کر رہا بلکہ اس سے تاجر برادری گہری تشویش میں مبتلا ہیں اور میڈیسن کے کاروبار سے منسلک ہزاروں کاروباری حلقے کو کاروبار بند کر کے سڑکوں پر آنے کے لیے مجبور کیا جا رہا ہے۔

عاطف بلو نے مطالبہ کیا کہ جس طرح ہر ڈویژن میں ڈرگ سیل لائسنس کا اجرا ہوتا ہے اسی طرح پورے سندھ میں ضلعی سطح پر لائسنس کا اجراء کیا جائے اور ڈرگ سیل لائسنس میں تعلیم یافتہ افراد کی شکل میں ڈسپینسر کیٹیگری کو بحال کیا جائے تاکہ فارمیسی سے وابستہ تمام افراد با آسانی اپنا ڈرگ سیل لائسنس بنوا سکیں۔
Load Next Story