ملتان سلطانز آج کراچی کنگز کیخلاف بقا کی جنگ لڑیں گے

پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن کی جنگ بھی آج پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں ہوگی۔


Sports Desk March 04, 2019
پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن کی جنگ بھی آج پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں ہوگی۔ فوٹو : فائل

پاکستان سپر لیگ 4 کا تیسرا مرحلہ دو دن آرام کے بعد پیر سے ابوظبی میں شروع ہورہا ہے تاہم آج رات 9 بجے شیڈول دوسرے مقابلے میں کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں صف آرا ہوں گی۔

پشاور اور کوئٹہ کی ٹیمیں 7،7 میچز میں یکساں طور پر 10 پوائنٹس جوڑنے میں کامیاب رہی ہیں لیکن پشاور کو بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر برتری حاصل ہے، ابوظبی میں ہونے والے مقابلے میں فتح کسی بھی ٹیم کی پلے آف میں ٹاپ پوزیشن یقینی بنادے گی، کوئٹہ کی ٹیم نے لیگ میں عمدہ شروعات کرتے ہوئے ابتدائی چاروں میچز میں کامیابی پائی جبکہ پھر لگاتار دو میچز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، ملتان سلطانز کیخلاف ایک بار پھر انھیں فتح ملی۔

اسی طرح پشاور زلمی نے لیام ڈاؤنس کی فتح گر چوکے کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف فتح سمیٹی، پشاور کی ٹیم نے دباؤ کی صورتحال میں عمدہ کھیل پیش کرنے کی روایت برقرار رکھی، پشاور کو اپنے تجربہ کار اوپنر کامران اکمل سے بڑی اننگز کی توقع ہے، جو اب تک حالیہ ایڈیشن میں سب سے زیادہ 49 رنز بناپائے ہیں،کامران کے چھوٹے بھائی عمر اکمل حریف کوئٹہ ٹیم کا حصہ ہیں، وہ بھی ابتدائی میچ کے بعد زیادہ بہتر پرفارم نہیں کرپائے، دونوں ٹیموں کے بولنگ اٹیک انتہائی شاندار ہے۔

پشاور کے حسن علی اب تک 18 وکٹیںلیکر نمایاں ہیں جبکہ کوئٹہ کی شرٹ زیب تن کرنے والے سہیل تنویر اب تک 12 شکار کرچکے ہیں، دن کا دوسرے ٹاکرے میں کراچی کنگز کیخلاف ملتان سلطانز بقا کی جنگ لڑیں گے، ناکامی کی صورت میں سلطانز ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہوسکتے ہیں، سلطانز کو شعیب ملک اور شاہد آفریدی جیسے بڑے اسٹارز کا ساتھ میسر ہے۔منگل کو ابوظبی میں لاہور قلندرز کا سامنا پشاور زلمی سے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا مقابلہ کوئٹہ سے ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔