لاہور میں بھکاری کے روپ میں دہشت گرد حملے کا خدشہ 362 گداگر گرفتار

گرفتار بھکاریوں کا ریکارڈ مرتب کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے فنگر پرنٹس، ڈیٹا سمیت ڈی این اے ٹیسٹ بھی کیا جائے گا

گرفتار بھکاریوں کا ریکارڈ مرتب کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے فنگر پرنٹس، ڈیٹا سمیت ڈی این اے ٹیسٹ بھی کیا جائے گا (فوٹو: فائل)

لاہور میں دہشت گرد بھکاری کے روپ میں ریکی کر کے بڑی واردات کرسکتے ہیں جس پر پولیس نے شہر بھر میں بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 362 بھکاریوں کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس کے مطابق پولیس کو خفیہ اداروں سے اطلاع ملی کہ موجودہ ملکی صورتحال میں دشمن کی جانب سے صوبائی دارالحکومت میں دہشت گردی کا منصوبہ بنایا جارہا ہے جس کے لیے دہشت گرد شہر میں بھکاری کا روپ دھار کر اہم حساس تنصیبات اور عمارتوں کی ریکی کرکے دہشت گردی کی کارروائی کرسکتے ہیں اور بھکاریوں کے روپ میں دہشت گرد پولیس کے گشت پر بھی نظر رکھ سکتے ہیں۔


خفیہ اداروں کی اس رپورٹ کے بعد وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے لاہور پولیس کے سربراہان کی میٹنگ بلائی گئی جس میں ایس ایس پی آپریشنز مستنصر فیروز کو بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا ٹاسک دیا گیا۔ ایس ایس پی آپریشنز کے حکم پر شہر بھر میں بھکاریوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے گذشتہ پانچ روز کے دوران مختلف مقامات سے 362بھکاری گرفتار کرلیے گئے۔

گداگروں کے خلاف متعلقہ تھانوں میں گدا گری ایکٹ کے تحت 320 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ سٹی ڈویژن سے87، اقبال ٹاؤن 81، صدر 73، کینٹ44، سول لائنز 43 جبکہ ماڈل ٹاؤن ڈویژن سے 34 بھکاریوں کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس ذرائع کا مزید کہنا ہے ان گرفتار بھکاریوں کا ریکارڈ مرتب کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے فنگر پرنٹس، ڈیٹا سمیت ڈی این اے ٹیسٹ بھی کیا جائے گا۔
Load Next Story