میگا منی لانڈرنگ کیس آصف زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت میں پھر توسیع

عدالت نے ملزمان کو کیس اسلام آباد منتقل کرنے کی درخواست کی نقول فراہم کردیں

آصف زرداری قومی اسمبلی کے اجلاس میں مصروفیت کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہوئے، فوٹو: فائل

بینکنگ کورٹ نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان کی ضمانت میں 11 مارچ تک توسیع کردی ہے۔

کراچی کی بینکنگ کورٹ میں میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، قومی اسمبلی کے اجلاس میں مصروف آصف زرداری عدالت میں پیش نہیں ہوئے تاہم فریال تالپور دیگر ملزمان کے ہمراہ سخت سیکیورٹی میں عدالت کے روبرو پیش ہوئیں۔ ملیر جیل پولیس نے انور مجید کا میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں پیش کیا اور موقف اختیار کیا کہ انور مجید کی طبیعت ناساز ہے، ڈاکٹرز نے سفر کرنے سے منع کیا ہے، ڈاکٹرز نے انور مجید کا میڈیکل سرٹیفکیٹ دیا ہے۔


دوران سماعت تفتیشی افسر کی جانب سے کیس میں ہونے والی پیشرفت سے عدالت کو آگاہ کیا گیا جب کہ عدالت نے ملزمان کو کیس اسلام آباد منتقل کرنے کی درخواست کی نقول فراہم کردیں۔ ملزمان کے وکلا کی جانب سے سماعت 12 مارچ مقرر کرنے کی استدعا کی گئی جس کی مخالفت میں ایف آئی اے اور نیب نے عدالت سے سماعت 7 مارچ تک سماعت مقرر کرنے کی استدعا کی۔ عدالت نے سماعت 11 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت میں آئندہ سماعت تک توسیع کردی۔

واضح رہے کہ میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف زرداری، فریال تالپور، انور مجید، عبدالغنی مجید اور حسین لوائی سمیت کئی اہم شخصیات نامزد ہیں۔ کیس میں انور مجید، عبدالغنی مجید ، حسین لوائی اور طحہٰ رضا گرفتار ہیں۔ نیب نے مقدمہ کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔
Load Next Story