وزیراعظم عمران خان کا فیاض الحسن چوہان کے بیان پر اظہار ناراضگی

اقلیتی برادری کیخلاف توہین آمیز بیان پر فیاض الحسن چوہان کیخلاف کارروائی ہوگی، مشیر وزیراعظم


ویب ڈیسک March 05, 2019
اقلیتی برادری کیخلاف توہین آمیز بیان پر فیاض الحسن چوہان کیخلاف کارروائی ہوگی، مشیر وزیراعظم۔ فوٹو : فائل

PESHAWAR: وزیراعظم عمران خان نے وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کے اقلیتی برادری کے خلاف متنازع بیان پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔

صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان اقلیتی برادری کے خلاف متنازع بیان پر تنقید کی زد میں آگئے ہیں، وزیراعظم کے مشیر نعیم الحق نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ اقلیتی برادری کیخلاف توہین آمیز بیان پر فیاض الحسن چوہان کیخلاف کارروائی ہوگی، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے مشاورت کے بعد صوبائی وزیر کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔



وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر اور وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے بھی فیاض الحسن چوہان کے بیان کی مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ پاکستانی پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کی نمائندگی کرتا ہے، ہمیں اس پر اتنا ہی فخر ہے جتنا سبز رنگ پر ہے۔



ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کے اقلیتی برادری کے خلاف متنازع بیان پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے، وزیراعظم نے ریمارکس کو انتہائی نامناسب قرار دیتے ہوئے ہدایت جاری کی ہیں کہ کسی اقلیت کے خلاف مذہبی بنیاد پر ریمارکس برداشت نہیں ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے فیصل واوڈا کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر فوٹو سیشن کرانے پر برہمی کا اظہار بھی کیا ہے، فیصل واوڈا نے لائن آف کنٹرول پر جاکر تصاویر بنوا کر سوشل میڈیا پر جاری کی تھیں۔

دوسری جانب فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے الفاظ سے اگر ہمارے پاکستانی ہندو بھائیوں کی کسی بھی طرح دل آزاری ہوئی ہے تو میں معذرت خواہ ہوں، میرا ٹارگٹ قطعی ہندو مذہب اور ہندو برادری نہیں تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔