پاک بھارت کشیدگی میں کمی اور دونوں ممالک جنگ سے دور ہورہے ہیں فواد چوہدری

جہاں بھارتی طیارہ گرایا گیا وہاں فیصل واوڈا کے وڈیو بنوانے سے قیامت نہیں آگئی، وزیر اطلاعات

انتہا پسندی کے خلاف کارروائی کا فیصلہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی نے کیا تھا، فواد چوہدری فوٹو: فائل 

وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی میں کمی آرہی ہے اور دنیا میں بھارت کا مذاق اڑایا جارہا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ آج حالات بدل رہے ہیں، پاک بھارت کشیدگی میں کمی آرہی ہے، ہم گزرتے وقت کے ساتھ جنگ سے دور ہورہے ہیں، کشیدگی میں کمی کا کریڈٹ وزیراعظم اور فوجی قیادت کو جاتا ہے، دنیا میں پاکستان کا قد بڑھا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ بھارت جنگی جنون میں مبتلا جب کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، موجودہ صورت حال میں سیاستدانوں نے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا، عوام بھی اس بحران میں جنگی جنون کا شکار نہیں ہوئے، کشیدہ صورتحال میں تمام دوست ممالک نے ساتھ دیا، دوست ممالک اورامریکا نے پاکستان کےموقف کی تائید کی ،غیر ملکی میڈیا نے پاکستان کے بارے میں مثبت رپورٹنگ کی جب کہ بھارتی میڈیا کا بری طرح سے مذاق اڑایا گیا ہے، نریندرا مودی سے بھارت میں سوال اٹھ رہے ہیں کہ الیکشن مہم کے لیے ایسا کیوں کیا جارہا ہے۔


کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے سے متعلق وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ایف اے ٹی ایف کی پابندیوں کے حوالے سے بھی کام جاری ہے، نیشنل سیکیورٹی کمیٹی نے انتہا پسندی کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا تھا، پاکستان میں انتہا پسندی کے خلاف کارروائی کریں گے اور اس کے لیے مرحلہ وار کام شروع ہوچکا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ تمام اقلیتوں کا احترام ضروری ہے، جہاں بھارتی طیارہ گرایا گیا وہاں فیصل واوڈا کے وڈیو بنوانے سے قیامت نہیں آگئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی تجارت بڑھانی ہے، ملک کی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے۔

 
Load Next Story