عبدالرحمان سعید اجمل کیساتھ جوڑی بنانے کیلیے تیار

ایک انٹرویو میں تجربہ کار اسپنر نے کہا کہ یہ فیصلہ میرا نہیں تھا اس کا اختیار سلیکٹرز کو تھا۔

باہمی طور پر آسٹریلوی بیٹسمینوں کو زیرکرنے کی کوشش کریں گے، پاکستانی اسپنر کا عزم۔ فوٹو: اے ایف پی

پاکستانی اسپنر عبدالرحمان آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز میں سعید اجمل کے ساتھ مل کر آسٹریلوی بیٹسمینوں کو زیر کرنے کا عزم رکھتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں نظر انداز کیے جانے کے باوجود میں یواے ای میں آسٹریلیا سے سیریز میں سعید اجمل کے ساتھ مضبوط اسپن جوڑی بنانا چاہوں گا، پاکستان نے آئندہ ماہ سری لنکا میں شیڈول ورلڈ ٹوئنٹی 20 کیلیے عبدالرحمان کی جگہ نوجوان لیفٹ آرم اسپنر رضاحسن کو سعید کے ساتھ منتخب کیا ہے، تاہم عبدالرحمان کا نام آسٹریلیا سے سیریز کے پاکستانی ون ڈے اسکواڈ میں شامل ہے۔


ایک انٹرویو میں تجربہ کار اسپنر نے کہا کہ یہ فیصلہ میرا نہیں تھا اس کا اختیار سلیکٹرز کو تھا، اگر مجھے پلیئنگ الیون کا حصہ بنانے کی ضرورت نہیں تو میں محض چہرہ نمائی کیلیے ڈریسنگ روم کا حصہ بننا پسند نہیں کرتا، تاہم ہر کرکٹر کی خواہش ضرور ہوتی ہے کہ وہ ہر فارمیٹ میں اپنے ملک کی نمائندگی کرے، یقینی طور پر میں ورلڈ کپ جیسے بڑے ایونٹ میں نظرانداز کیے جانے پر مایوس تو ہوں لیکن میری نظریںآگے کی جانب مرکوز ہوں۔

سعید اجمل کے ساتھ بولنگ جوڑی کے حوالے سے عبدالرحمان نے کہا کہ بطور بولر ہر کسی کے اچھے اور برے دن آتے ہیں، لیکن سب سے اہم ایک دوسرے کو سپورٹ کرنا ہوتا ہے،کبھی کسی ایک بولر کی قسمت یاوری کرتی ہے اور دوسرے کی نہیں، لیکن جہاں تک میری اور سعید کی بات ہے، ہم اسی فلسفے پر عمل کرتے ہوئے بطور جوڑی شکار کرتے ہیں، ہم جانتے ہیں کس اینڈ سے بیٹسمین پر حملہ آور ہونا ہے اور دوسرے اینڈ سے دفاعی انداز اپنانا ہے، انھوں نے مزید کہا کہ سعید اجمل شاندار بولر ہے اور اس نے تمام فارمیٹس میں خود کو بہترین ثابت کرکے دکھایا ہے، عبدالرحمان نے سال کے اختتام پر بھارت سے مجوزہ سیریز کو اہم قرار دیاہے۔
Load Next Story