بڑھتی سرمایہ کاری امید کی کرن ہےاسلام آباد چیمبر

پائیدار اقتصادی ترقی کیلیے تمام ممالک سے تعاون بڑھایا جائے،صدر ظفر بختاوری


INP August 03, 2013
پائیدار اقتصادی ترقی کیلیے تمام ممالک سے تعاون بڑھایا جائے،صدر ظفر بختاوری فوٹو : فائل

اسلام آباد چیمبرکے صدر ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ چین کی طرف سے پاکستان میں خاص طور پر توانائی شعبے میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری نے تاجر برادری میں امید کی ایک نئی کرن پیدا کی ہے۔

تاہم پائیدار اقتصادی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ حکومت چین سمیت خطے کے تمام ممالک کے ساتھ اقتصادی تعاون بڑھانے کیلئے کوششیں تیز کرے۔ ان خیالات کا اظہار اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ظفر بختاوری نے پنجاب حکومت اور چین کی کمپنی نورینکو انٹرنیشنل لمیٹڈ کے درمیان چو لستان میں 300میگاواٹ پر مشتمل شمسی توانائی کا پراجیکٹ لگانے کیلئے طے پانے والے باہمی یادداشت کے سمجھوتے کو سراہتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک نے قریبی علاقائی تعاون کو فروغ دے کر تیز رفتار اقتصادی ترقی حاصل کی ہے لیکن پاکستان ابھی تک جنوبی اور وسطی ایشیاء کے ممالک کے ساتھ مضبوط اقتصادی تعلقات قائم کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا جس وجہ سے وہ علاقائی اقتصادی تعاون کے فوائد حاصل کرنے سے محروم رہا ہے۔



ظفر بختاوری نے کہا کہ بہتر علاقائی تعاون نہ ہونے کی وجہ سے جنوبی ایشیاء کے ممالک کی آپس کی تجارت ان کی کل تجارت کا صرف پانچ فیصد کے قریب ہے جو بہت ناکافی ہے۔ اس کے برعکس مشرقی ایشیاء کے ممالک کی آپس کی تجارت ان کی کل تجارت کا50 فیصد جبکہ لاطینی امریکہ کی علاقائی تجارت 20فیصد ہے ۔ یہاں تک کہ افریکی ممالک کے درمیان ناکافی ٹرانسپورٹ اور ٹیلی کمیونیکیشن انفراسٹریکچر کے باوجود علاقائی تجارت ان کی کل تجارت کا 10فیصد سے زیادہ ہے۔لہذا پاکستان کو بھی چاہیے کہ وہ علاقائی تجارت کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔