کائلی جینر دنیا کی کم عمر ترین ارب پتی خاتون

کائلی جینر نے تین سال قبل کائلی کاسمیٹکس کے نام سے میک اپ برانڈ متعارف کرایاتھا


ویب ڈیسک March 06, 2019
گزشتہ برس کائلی جینر کی کمپنی نے 360 ملین ڈالرز کی مصنوعات فروخت کیں۔ فوٹوانٹرنیٹ

امریکی جریدے فوربز نے ہالی ووڈ اداکارہ کائلی جینر کو دنیا کی کم عمر ترین ارب پتی خاتون قراردے دیا۔

امریکی جریدے فوربز کے مطابق 21 سالہ ہالی ووڈ اسٹار، ماڈل اور سوشل میڈیا پرسنالٹی کائلی جینر دنیا کی سب سے کم عمر سیلف میڈ ارب پتی خاتون بن گئی ہیں۔ کائلی نے تین سال قبل کائلی کاسمیٹکس کے نام سے میک اپ برانڈ متعارف کرایاتھا۔

انہوں نے ابتدا میں لپ اسٹک اور لپ لائنر متعارف کرائے تھے جسے بے حد شہرت حاصل ہوئی، گزشتہ برس کائلی جینر کی کمپنی نے 360 ملین ڈالرز کی مصنوعات فروخت کیں۔ فوربز کے مطابق کائلی کی کمپنی کی کل مالیت 900 ملین ڈالرز ہے اور وہ اپنی کمپنی کی واحد مالک ہیں۔



کائلی جینر اپنی مصنوعات صرف آن لائن فروخت کرتی ہیں اور ان کی مصنوعات منٹوں میں ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوجاتی ہیں۔ اس کے علاوہ ان کی کمپنی میں صرف 7 فل ٹائم اور 5 پارٹ ٹائم ملازم ہیں جس کے باعث منافع براہ راست کائلی کی جیب میں آتاہے۔ جب کہ کائلی اپنی میک اپ مصنوعات کی تشہیر بھی سوشل میڈیا پر ہی کرتی ہیں۔



کائلی جینر کا کہنا ہے کہ یہ سوشل میڈیا کی ہی طاقت ہے کہ انہوں نے اتنے کم عرصے میں اتنی زیادہ ترقی کرلی، ورنہ کاروبار شروع کرنے سے قبل انہوں نے ایسا سوچا بھی نہیں تھا۔



کائلی سے قبل دنیا کے کم عمر ارب پتی ہونے کا اعزاز فیس بک کے بانی مارک زکر برگ کے پاس تھا جنہوں نے 23 سال کی عمر میں دنیا کے کم عمر ارب پتی ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں